بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسٹیبلشمنٹ کے ڈنڈے پر کھڑا ہونا فواد سے بہتر کون جانتا ہے، طلعت حسین

کراچی (نیوز ڈیسک) سینئر صحافی و تجزیہ کار طلعت حسین نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ڈنڈے پر کیسے کھڑا ہوا جاتا ہے یہ فواد چوہدری سے بہتر کون جانے گا، فواد چوہدری کو معلوم ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا ڈنڈا کہاں پر ہوتا ہے اور اسکے اوپر کیسے بیٹھا جاتا ہے، عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ کیخلاف مقدمہ وہ نہیں جو ن لیگ کا مقدمہ تھا، اسٹیبلشمنٹ عمران خان کے ساتھ کھڑی تھی تو ببانگ دہل کہتی تھی کہ ہم ایک پیج پر ہیں،ن لیگ کی حکومت میں اسٹیبلشمنٹ کہہ رہی ہے ہم نیوٹرل ہیں سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے، ن لیگ کہتی تھی اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہوجائے عمران خان کہہ رہے ہیں آپ نیوٹرل نہ رہیں، عمران خان کی لڑائی ن لیگ کے ساتھ نہیں اسی ڈنڈے کے ساتھ ہے جسکے توسط سے وہ اقتدار میں پہنچے تھے۔وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ اگر غیر اخلاقی ویڈیوز ہمارے پاس آجائیں تو بھی ہم اسے پبلک نہیں کرینگے، سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ لگتا ہے سیاسی پارٹیز آگے چل کر ہیکر ونگ بھی بنائینگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ ادارے آئین و قانون کے دائرے میں رہیں تو کسی کو تنقید کرنے کی ضرورت نہ پڑے، ن لیگ چھ ماہ پہلے کتنی مقبول تھی اور آج کتنی غیرمقبول ہے ضمنی انتخابات اور آج کے انتخابات میں چیزیں نظر آرہی ہیں، ہم نے ریاست کیلئے سیاست قربان کی، ادارے جس عمران خان کو لے کر آئے اس کی نالائقیوں کی وجہ سے غیرمقبول ہورہے تھے ، عوام کا اداروں پر غم و غصہ کا بوجھ بھی ن لیگ نے اپنے کاندھوں پر اٹھایا، ن لیگ آج غیرمقبول ہے مگر اداروں پر وہ بوجھ نہیں جو چھ ماہ پہلے تھا، ہماری اس قربانی کا ہر پاکستانی کو احساس کرنا چاہیے، ماضی میں اداروں میں بیٹھے جن لوگوں نے ناانصافیاں کی تھیں انہوں نے اپنی غلطیوں کا اعتراف کرلیا ہے تو یہ ان کی بڑی بہادری ہے۔