واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے شہر بالٹی مور کے پراسکیوٹرز نے پاکستانی نژاد امریکی شہری کیخلاف قتل کے مقدمے کے الزامات واپس لے لئے ہیں، پاکستانی نژاد عدنان سید پر اپنی سابقہ گرل فرینڈ کے قتل کا الزام تھا جس کے تحت وہ دو دہائیوں تک جیل میں رہے، عدنان کو ایک ماہ قبل 20برس بعد رہائی ملی تھی ۔ ان کے کیس نے ایک پوڈ کاسٹ سیریل (تفتیشی صحافت پر مبنی کہانی جو قسط وار شائع کی جاتی ہے) کے بعد دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی تھی جس کے بعد عدنان کو رہائی میں مدد ملی۔ عدنان سید کو کچھ روز قبل رہا کردیا گیا تھا۔ تاہم اب سرکاری استغاثہ نے بتایا کہ ریاستی استغاثہ کے دفتر نے 41 سالہ عدنان سید پر عائد قتل کے الزمات واپس لے لئے ہیں، عدنان کو 2000ء سے اپنی سابقہ گرل فرینڈ ہائی من لی کے 1999ء میں ہونے والے قتل کے الزام میں عمر قید کا سامنا تھا۔ ٹیمی جاراجین نے ایک ای میل کے ذریعے سے بتایا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ عدنان کیخلاف تمام الزامات واپس لے لئے گئے ہیں۔ بالٹی مور کی سٹی سرکٹ عدالت کے جج نے گزشتہ ماہ بالٹی مور کے ریاستی اٹارنی کی درخواست پر عدنان سید کی سزا معطل کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا جبکہ مزید تفتیش کی بھی ہدایت کی تھی۔
امریکا، پاکستانی نژاد امریکی عدنان سید کیخلاف قتل کے الزامات واپس







