بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تاجر برادری کے کسٹم مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے، محمد عمران خان مہمند،کسٹم آپریشنز کی مزید آٹومیشن سے کاروباری برادری کو سہولت ہو گی۔ احسن بختاوری

اسلام آباد (ممتاز نیوز) بزنس کمیونٹی تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور ان کے کسٹم سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے جلد ہی ایک بہتر ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم جاری کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار چیف کلکٹر (کسٹمز نارتھ) اسلام آباد محمد عمران خان مہمند نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ درآمدات اور برآمدات سے متعلق اپنی معلومات کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کے ٹریڈ انفارمیشن پورٹل سے استفادہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وی باک سسٹم بھی تاجروں کو کسٹم کلئیرنس کے معاملات میں سہولت فراہم کر رہا ہے لہذا وہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری گرین چینل کا غلط استعمال کرنے والوں کی نشاندہی میں محکمہ کسٹم کے ساتھ تعاون کرے تاکہ کنٹینرز کی کلیئرنس کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ کسٹم تاجر برادری کی طرف سے اجاگر کیے گئے مسائل کو حل کرنے کے لیے ان پر غور کرے گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہاکہ پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کا سب سے بہتر طریقہ برآمدات کو فروغ دینا اور زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدت کی بہتر ترقی کیلئے مختصر، درمیانی اور طویل المدت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم حکام ایکسپورٹ کی ترقی کے بارے میں بزنس کمیونٹی کو بہتر معلومات فراہم کرنے کیلئے ملک کے چیمبروں میں آگاہی سمینار منعقد کریں۔

انہوں نے کہا کہ طلبا کو ایکسپورٹ کی اہمیت سے روشناس کرنے کیلئے ایکسپورٹ کو سکولوں اور کالجوں کے تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درآمدات اور برآمدات کے معاملات میں تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کسٹمز آپریشنز کی مزید آٹومیشن کی جائے جس سے کاروباری برادری کو سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آٹومیشن سے اسمگلنگ کو بھی روکا جا سکے گا اور ملک کے ٹیکس ریونیو میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی اشیا کی درست تشخیص کو یقینی بنانے کے لیے ایچ ایس کوڈز پر نظر ثانی کی جائے اور پیداواری سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی درآمدی اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی کو معقول بنایا جائے۔

چیمبر کے سابق صدر میاں اکرم فریدنے کہا کہ فاٹا اورپاٹا میں انڈسٹری کو ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے لیکن اس کی مصنوعات آباد علاقوں تک پہنچ رہی ہیں جس کی وجہ سے اسلام آباد سمیت آباد علاقوں کی صنعت متاثر ہو رہی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ کسٹم اس صورتحال کے تدارک کیلئے اقدامات کرے۔

آئی سی سی آئی کے سابق صدور ظفر بختاوری اور محمد اعجاز عباسی نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لیے برآمدات کا بہتر فعروغ اشد ضروری ہے لہذا کسٹم کا محکمہ برآمدات کے بہتر فروغ کی کوششوں میں نجی شعبے کے ساتھ مکمل تعاون کرے اور ان کے کسٹم کے متعلقہ مسائل کو جلد حل کرنے پر توجہ دی جائے۔

آئی سی سی آئی کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر نے چیف کلکٹر کسٹمز نارتھ، اسلام آباد اور ان کی ٹیم کا آئی سی سی آئی کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئی سی سی آئی کسٹمز کے معاملات میں تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کسٹمز ہاؤس اسلام آباد کے ساتھ مل کر کام کرنا چا ہتا ہے۔ تاجر برادری کے ارکان نے اس موقع پر کسٹمز سے متعلق مختلف مسائل کو اجاگر کیا اور درخواست کی کہ چیف کلکٹر کسٹمز نارتھ اسلام آباد ان کے حل کے لیے کردار ادا کریں۔