بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپیکرقومی اسمبلی سےخرم دستگیرکی ملاقات، بجلی کے بلوں میں ریلیف کیلئے توانائی کے قابل تجدید ذرائع بروئے لا ئے جائیں،پرویزاشرف

  اسلام آباد(ممتازنیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کےلئے شمسی اور توانائی کے دیگر قابل تجدید ذرائع کو بروئے لانے پر زوردیاہے جبکہ انہوں نے وزارت توانائی کی جانب سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔سپیکرقومی اسمبلی سے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال اور گوجر خان میں عوام کو توانائی کے حوالے سے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پارلیمان عوام کا نمائندہ ادارہ ہے اور عوام کواس سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، پارلیمان عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موثر قانون سازی کر رہی ہے، موجودہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گوجر خان اور اس سے ملحقہ علاقوں کی عوام کو بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کیا جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ،ملک میں توانائی بحران اور دیگر مسائل پر قابو پانے کے لیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر وزیر توانائی نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بجلی کی مد میں عوام کو 55 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ سیلاب کے دوران بجلی کا انفراسٹرکچر بڑی طرح متاثر ہوا،سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو بجلی کی مد میں 10 ارب روپے کا ریلیف دیا جا رہا ہے، خرم دستگیرنے سپیکر کو گوجر خان میں بجلی کے حوالے سے عوام درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دریں اثناسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں پنجاب یونیورسٹی کے گوجر خان کیمپس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اور ایچ ای سی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی کے گوجر خان کیمپس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر نے متعلقہ محکموں کو گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب جلد تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ گوجر خان اور ملحقہ علاقوں کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں دیگر شہروں میں جانا پڑتا ہے، یونیورسٹی کے قیام سے خطے کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے موقع فراہم ہوں گے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ یونیورسٹی کے لیے مختص جگہ جہلم، گوجر خان، میر پور، ڈوویال، چکوال اور دیگر ملحقہ علاقوں کے سنگم پر واقع ہے، گوجر خان میں یونیورسٹی کے قیام سے کشمیر، جہلم، چکوال، کلر سیداں سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء بھی مستفید ہوں گے، متعلقہ حکام نے گوجر خان میں یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں ہونی والی پیش رفت سے سپیکر کو آگاہ کیا۔