کراچی(ممتازنیوز)و زیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے سیلاب متاثرہ بچوں کی تعلیم کے معاملات پر تبالہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 12 ہزار اسکول کی عمارتیں سیلاب کی نظر ہوگئی ہیں جبکہ 20 لاکھ بچوں کی تعلیم کا نقصان بھی ہوا ہے۔مراد علی شاہ نے ملالہ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سیلاب کے خاتمہ کے بعد بھی اسکولز کا دورہ کریں، آپ کا بچوں سے ملنا تعلیم کے حصول کے جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔اس موقع پر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ اب میرا یہاں آنا جانا لگا رہے گا، آج میں دادو کے خیمہ بستی میں قائم اسکول گئی ، اسکول میں بچیوں کا تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ قابل تعریف ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات میں ملالہ یوسفزئی کے تعلیم کی فروغ کے جذبے کو سراہا۔ ملاقات میں پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی ، شہزاد رائے بھی موجود تھے۔اس سے قبل نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے دادو کا جوہی ڈسٹرکٹ دادو کے سیلاب زدہ علاقے چھنڈن کا دورہ کیا۔ ملالہ یوسفزئی کے ساتھ وزیرصحت ڈاکٹرعذرا پیچوہو، وزیر تعلیم سید سردار شاہ ان کے ساتھ تھے۔ملالہ نے چھنڈن دیہ میں ٹینٹ سٹی کا معائنہ کیا، سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اوران کے ساتھ گھل مل گئیں۔سیلاب متاثرہ خواتین نے ملالہ کو کیمپ میں خوش آمدید کیا، وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے سیلاب ست متعلق ملالہ یوسفزئی کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ 12000 اسکولوں میں 20 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔ ابھی بہت سارے علاقے ہیں جہاں پانی موجود ہے۔ پانی کی نکاسی کے بعد مزید سروے کرکے اسکولوں کے نقصانات کا تعین کیا جائے گا۔ ملالہ یوسفزئی نے تعلیمی اداروں اور بچوں کی تعلیم متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا، انھوں نے کیمپ میں خواتین کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل بھی سنے۔ اس موقع پرملالہ یوسفزئی نے کہا کہ آپ بہادر خواتیں ہیں۔ آپ اس مشکل وقت کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ ملالہ یوسفزئی نے ایم این وی بند پرسیلابی پانی کا معائنہ کیا، اس موقع پر ڈی سی دادو مرتضیٰ شاہ نے انھیں بریفنگ دی۔ملالہ یوسفزئی نے بند پر رہنے والے خاندانوں اور بچوں سے بھی ملاقات کی۔ملالہ یوسف زئی اور ضیاء الدین یوسف زئی کا سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کا مقصد متاثرین کی مدد کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی ملاقات








