بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قبل از وقت انتخابات ہوئے تو فیصلہ کسی بھی دباؤ کے تحت نہیں ہو گا، خواجہ آصف

اسلام آباد(ممتازنیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اوروزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انتخابات آئین کے مطابق اپنے وقت پر ہی ہوں گے، اگر قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ ہوا تو حکومت خود کرے گی۔
وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات ہوئے تو فیصلہ کسی بھی دباؤ کے تحت نہیں ہو گا،آئین اس کی اجازت دیتا ہے مگر انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ قازقستان نہایت اہم اور کامیاب رہا،2ماہ میں وزیراعظم کی 40 ممالک کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں ہوئیں ہیں۔
انہوں نےکہا کہ وزیراعظم کا ایک کے بعد ایک کامیاب دورہ جاری ہے، سیکا سمٹ میں وزیراعظم نے مختلف عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں کیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں،ہماری ضمانتیں ہوئیں، نواز شریف جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوتے رہے، انہوں نے 200 پیشیاں بھگتیں، مریم نواز نے بھی تقریباً اتنی پیشیاں بھگتیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام اور قانون کی نظروں میں سرخرو ہوئے ہیں، یہ کہنا کہ فلاں نے فون کیا ہے ایک شخص کی ذاتی فرسٹریشن کا نتیجہ ہے۔

اس موقع پر وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں انتخابات آئندہ 6 سے 8 ماہ تک ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے بڑے علاقے میں سیلاب کا پانی کھڑا ہے، ایسے سیلاب زدہ علاقوں میں آئندہ 6 سے 8 ماہ تک عام انتخابات ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری کے بعد ہی نئی حلقہ بندیاں ہوسکتی ہیں، لہٰذا عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ مہنیوں میں پاک فوج کے کئی افسران و جوانوں کی شاہدتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد انتخابات نہیں بلکہ کچھ اور ہے۔