اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر شیریںمزاری نے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری اور ان پر زیر حراست تشدد کےمعاملے پر اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے انسداد تشدداور انسانی حقوق کمیٹی کے اراکین کو کھلے خطوط لکھ دیئے۔
تحریک انصاف کی مرکزی سینئر نائب صدر نے دونوں اہم ترین خطوط کی نقول سماجی میڈیا پر ڈال دیں۔انہوں نے لکھا کہ سینیٹر اعظم سواتی کے ٹویٹ کی نقل اور غلط تاریخ کی حامل میڈیکل رپورٹ بھی خطوط کے ساتھ ارسال پاکستان بطور ریاست تشدد کیخلاف عالمی معاہدے کا فریق ہے، اسی طرح بطور فریق پاکستان سول و سیاسی حقوق کے عالمی کونویننٹ کی پاسداری کا بھی پابند ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی سازش میں برسرِاقتدار جماعت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے اراکین کے اغواء و گرفتاریوں میں لگی ہوئی ہے، اغواء یا گرفتاری کے بعد انہیں زیرِ حراست تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ڈاکٹر شیریں مزاری نے لکھا کہ سینٹ آف پاکستان کے 74 سالہ رکن سینیٹر اعظم سواتی کے ساتھ بھی یہی کیا گیا، 12 اکتوبر کو ایک ٹویٹ کے ذریعے رائے کے اظہار پر رات کے پچھلے پہر انہیں ان کے گھر سے اٹھا لیا گیا، نہایت بھونڈے طریقے سے تحویل میں لیکر سینیٹر اعظم سواتی کو بدترین تشدد اور غیرانسانی سلوک کا نشانہ بنایا گیا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہاکہ امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بہیمانہ خلاف ورزیوں کا قصہ طوالت اختیار کرتا جارہا ہے، انہوں نے کہاکہ دستورِ پاکستان اور عالمی معاہدات کی رو سے شہریوں کو سول و سیاسی حقوق میسر ہیں، امپورٹڈ سرکار مسلسل وحشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر ملکی و غیرملکی ضابطہ پامال کررہی ہے، امید کرتی ہوں کہ اقوامِ متحدہ کے خصوصی مندوب اور انسانی حقوق کمیٹی کے اراکین اس بدترین فسطائیت کا نوٹس لیں گے۔
انہوں نے کہاکہ حکومتِ پاکستان کے ساتھ معاملے کو اٹھایا جائے اور سینیٹر اعظم سواتی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جائے، ڈاکٹر شیریں مزاری تشدد کیخلاف عالمی معاہدے کے فریق کے طور پر پاکستان سے تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا جائے،انہوں نے کہاکہ قانون کی پاسداری پر زور دیا جائے اور حکومتِ پاکستان سے تشدد کو قابلِ گرفت جرم بنانے کا مطالبہ کیا جائے، ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہاکہ سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے آزاد اور غیر جانبدار انکوائری کمیشن کا مطالبہ کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا جائے۔
اعظم سواتی کی گرفتاری وتشدد، شیریںمزاری نے یواین مندوب انسداد تشدداور انسانی حقوق کمیٹی کو خطوط لکھ دیئے








