لاہور/ پشاور/کراچی: قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے جب کہ پولنگ کے دوران خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور عوام نیشنل پارٹی (اے این پی) کے کارکنان اور کراچی میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنان کے درمیان تصادم کے واقعات سامنے آئے۔
ای سی پی کی جانب سے بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن کے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم نے کام شروع کردیا ہے الیکشن کمیشن نے نتائج جاری کرنے کیلئے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم قائم کیا ہے، رزلٹ مینجمنٹ سسٹم پر نتائج براہ راست دکھائے جائیں گے، 6 بجے سے پہلے نتائج میڈیا پر جاری کرنے پر پابندی ہے۔
قومی اسمبلی کے جن 8 حلقوں پر آج ضمنی انتخابات ہوئے ان میں سے خیبرپختونخوا میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور جبکہ پنجاب میں این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 157 ملتان اور سندھ میں کراچی سے این اے 237 ملیر اور این اے 239 کورنگی شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے جن 3 حلقوں پر آج ضمنی انتخابات ہوئے ہیں ان میں پی پی 241 بہاولنگر، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 139 شیخوپورہ شامل ہیں۔
پنجاب میں ایک ہزار 434، خیبرپختونخوا میں 979 اور کراچی میں 340 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔
ملک کی سیاسی تاریخ میں یہ منفرد مثال ہے کہ ایک امیدوار (چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان) 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔
آزاد امیدواروں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے کُل 101 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، پنجاب میں 52، سندھ میں 33 اور خیبرپختونخوا میں 16 امیدوار ہیں، ان حلقوں میں تقریباً 44 لاکھ 72 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
پولنگ ک وقت ختم ہوتے ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسٹیشنز میں ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیاگیا ہے،پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود افراد اپنا ووٹ کاسٹ کرسکے۔









