اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فوادچودھری نے کہاہے کہ حکومتی اتحادی جماعتوں مشترکہ اعلامیہ امپورٹڈ گروہ کی سیاسی سوچ اور مجرمانہ ذہنیت کا عکاس ہے، عوامی مینڈیٹ کی یوں کھلی توہین پر اصرار مایوس کُن ہے ،حالیہ ضمنی انتخابات نئے الیکشنز کیلئے ایک ریفرنڈم کی حیثیت رکھتے تھے، اس عوامی ریفرنڈم کے فیصلے کا احترام کیاجانا چاہئے۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ اعلامیے پرردعمل کااظہار کرتے ہوئے فوادچودھری نے کہاکہ جمہوریت میں عوام کی مرضی اور منشاء کو بنیادی حیثیت حاصل ہوتی ہے، عوامی مینڈیٹ کی توہین کا تصور مجرموں کے ہاں تو ملتا ہے، جمہوریت پر اعتقاد رکھنے والی سیاسی قوتیں اسے کبیرہ گناہ تصور کرتی ہیں۔
انہوںنے کہاکہ عوامی مینڈیٹ کی توہین کے کلچر پر مستحکم جمہوریت کی بنیادیں استوار نہیں کی جاسکتیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی روایت نے قومی ڈھانچے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ فواد چودھری نے کہاکہ 17 جولائی کے بعد 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات کے ذریعے عوام نے فیصلہ دیا ہے کہ وہ ملک میں ازسرِ نو انتخاب چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نااہل، نکمّا اور مفاد پرست گروہ محض اپنے ذاتی مفاد کیلئے ملک کو بحران کے سپرد کئے رکھنے پر بضد ہے، معیشت کی نہایت کمزور اور پیچیدہ صورتحال بحران کے تسلسل کی قطعاً اجازت نہیں دیتی، معاشی و سیاسی بحران کے حل کی راہ صاف شفاف انتخابات کے فوری انعقاد سے جڑے سیاسی استحکام سےنکلتی ہے۔ فواد چودھری نے کہاکہ قوم کسی طور مجرموں کو نظام پر قابض رہ کر ملکی سلامتی و یکجہتی کو خطرے میں ڈالتے رہنے کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کہاکہ معاملات سیاسی عاقبت نا اندیشوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے ریاست سنجیدگی سے بحران کے فوری حل کی تدبیر کرے۔انہوںنے کہاکہ معقولیت سے دستبرداری پر اصرار جاری رہا تو فیصلہ عوام کریں گے۔
حکمراں اتحادکا مشترکہ اعلامیہ امپورٹڈ گروہ کی سیاسی سوچ و مجرمانہ ذہنیت کا عکاس ہے،فوادچودھری








