بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سرینگر ،ہندوتوا بلوائیوں کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے صدر دفتر پر د ھاوا،فریدہ بہن کی مذمت

سرینگر :کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماو جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے سرینگر میں بھارتی فوج کے حمایت یافتہ ہندوتوا بلوائیوں کی جانب سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے صدر دفتر پر دھاوابولنے اور توڑپھوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی مودی سرکار اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی تحریک کو ختم نہیں کرسکتی اور نہ ہی حریت کانفرنس اپنے کشمیری عوام کی جدوجہد سے دستبردار ہوسکتی ہے ۔
پیر کو جاری بیان میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی حکومت کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنے کے لیے مقبوضہ علاقے میں فرقہ وارانہ فسادات بڑھکانا چاہتی ہے،حریت کانفرنس کے صدر دفتر پردھاوا بولنا اور توڑ پھوڑ اس کی ایک کڑی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیریوں کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے اور کشمیری عوام کا نمائندہ سیاسی فورم ہے ،کل جماعتی حریت کانفرنس پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصو ل کے لئے پرامن جدوجہد میں مصروف ہے اور کشمیری عوام کی اس سے بھرپور حمایت حاصل ہے ،بھارت کی انتہاپسند مودی حکومت کشمیریوں کی بھرپورحمائت ملنے پر ہی کل جماعتی حریت کانفرنس سے خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکا رہے اور اسی بوکھلاہٹ کے عالم میں اس نے حریت کانفرنس کی بیشتر قیادت کو پابند سلاسل رکھا ہے اور اب اوچھے ہتھکنڈے کے طور پر اس کے صدر دفتر پر حملہ آور ہوئی ہے۔
فریدہ بہن جی نے کہاکہ حریت کانفرنس اس طرح کی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی اور نہ ہی اپنی جدوجہد سے دستبر ہوگی ، کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے لئے جدوجہد منزل کے حصول تک جاری رہے گی ۔
انہوں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے نام نہاد دعویدار بھارت کے ان جمہوری اور امن مخالف کارروائیوں کا نوٹس لیں جو اس نے حریت کانفرنس اور کشمیری عوام کے خلاف جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں پیر کو بھارتی فوج کے حمایت یافتہ ہندوتوا بلوائیوں نے سرینگر کے علاقے راج باغ میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے صدر دفتر پر دہاوا بول کر توڑ پھوڑ کی ہے۔