سابق وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے صدر مملکت کی جانب سے انتخابات اور معیشت پر مذاکرات کی تجویز کی حمایت کردی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کا اختیار ہے جسے متنازع نہیں بنانا چاہیے، عمران خان اس ادارے کو بھی سیاست کی نذر کرنا چاہتے ہیں جو نقصان دہ بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بغیر مشاورت کے آرمی چیف کی توسیع کی تھی، وہ جو کرکے گئے آج ہم بھگت رہے ہیں، سپہ سالار کو توسیع غیر معمولی حالات میں دی جاتی ہے۔
سابق وزیراعظم نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھ کر ملکی معاملات پر بحث کرنی چاہیے کہ کس طرح ملک کو مشکل حالات سے نکالا جائے، آج پاکستان کے بہت مشکل حالات ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ صدر کی آئینی ذمہ داری ہے، وہ ریاست کے سب سے بڑے عہدیدار ہیں، تجویز صرف الفاظ کی حد تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ انہیں سب کو ایک جگہ بلا کر ملک کے معاشی مسائل پر گفتگو کرنی چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے صدر مملکت کی مذاکرات کی تجویز کی حمایت کردی








