بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مرد کتنا ہی بڑا بدمعاش ہو، عورت کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا، عدنان صدیقی

لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستان شوبز کے مشہور اداکار عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ مرد چاہے کتنا ہی بڑا بدمعاش کیوں نہ ہو، عورت کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا۔

ایک نجی ٹی وی پر انٹرویو دیتے ہوئے عدنان صدیقی نے اپنے مشہور ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں اپنے کام کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں اچانک ’میرے پاس تم ہو‘ ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی اور انہیں بتایا گیا کہ ڈرامے کا اسکرپٹ 6 سال قبل لکھا گیا تھا اور انہیں اسکرپٹ لکھے جانے کے وقت ہی کردار کے لیے فائنل کیا گیا تھا۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے ڈرامے میں کام کرنے کی حامی بھرتے وقت تک اسکرپٹ نہیں پڑھا تھا لیکن جب ہمایوں سعید نے ’دو ٹکے کی عورت‘ کے ڈائلاگ کا منظر شوٹ کروایا تب انہوں نے پورا اسکرپٹ پڑھا۔
عدنان صدیقی نے میرے پاس تم ہو میں دکھائی گئی کہانی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں دونوں صنفوں یعنی مرد و خواتین میں برے لوگ پائے جاتے ہیں، لیکن دنیا کا کوئی بھی کتنا ہی بدمعاش مرد کیوں نہ ہو، وہ عورت کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ خاتون کی جانب سے تھوڑی سی اجازت ملتی ہے تو مرد کچھ زیادہ کرلیتا ہے۔ عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں مرد اور عورت دونوں کا گناہ ایک جیسا ہی نقصان کار ہوتا ہے اور دونوں پر برابر ذمہ داری عائد ہوتی ہے اس لئے کسی ایک کو گنہگار ٹھہرانا غلط ہے۔

یاد رہے کہ ’میرے پاس تم ہو ‘ میں ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ حرا مانی، سویرا ندیم، انوشے عباسی، مہر بانو، سید محمد احمد اور رحمت اجمل نے اہم کردار نبھائے تھے۔