ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے جمعہ کے روز بہارہ کہو بائی پاس منصوبے کے حوالے سے سی ڈی اے، منسٹری آف ایجوکیشن اور قائد اعظم یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مابین منعقدہ اجلاس میں بطور سنڈیکیٹ ممبر شرکت کی۔ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام الناس کی فلاح وبہبود کے لیے طویل مدتی فلاحی منصوبوں کا اجراء کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی جلد تکمیل عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہارہ کہو بائی پاس منصوبہ عوام کے وسیع تر مفادات کے حامل منصوبہ ہے۔انہوں نے کہ سفری سہولیات کے منصوبوں کا تعلق براہ راست عوام سے ہے ایسے منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی کی انتظامیہ، وزارت تعلیم اور سی ڈی اے کے مابین بہارہ کہو بائی پاس منصوبے کو جاری رکھنے سے متعلق ہونے والے معاہدے کے لیے طے پانے والی سفارشات کو خوش آئیند قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ طے پانے والے معاہدے کے دور رس نتائج حاصل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ تجویز کردہ سفارشات کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ، وزارت تعلیم اور سی ڈی اے کے مابین طے پانے والے معاہدے کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت بہارہ کہو بائی پاس منصوبے میں استعمال ہونے والی زمین یونیورسٹی کی ملکیت رہے گی۔معاہدے کے مطابق یونیورسٹی کو ملنے والی سہولیات یونیورسٹی اساتذہ، طلباء اور عوام الناس کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ اجلاس میں قائد اعظم یونیورسٹی کی انتظامیہ، سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن اور سنڈیکیٹ کی گورننگ باڈی کے ممبران نے شرکت کی۔
بہارہ کہو بائی پاس عوام کے وسیع تر مفادات کے حامل منصوبہ ہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی








