بیجنگ/اسلام آباد(شہنوانیوز/ممتازنیوز) شی جن پنگ تیسری بار چین کے صدراور کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے جنہوں نے کمیونسٹ پارٹی میں اپنے بعض قریب ترین اتحادیوں کو ترقی دے دی ہے جس کے ساتھ ہی انہوں نے ماؤزے تنگ کے بعد چین کے مضبوط ترین رہنما کی حیثیت سے اپنی پوزیشن مضبوط کرلی جس پرصدرپاکستان عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی 20ویں قومی کانگریس ہفتہ کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ختم ہو گئی۔20 ویں قومی کانگریس کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی نئی مرکزی کمیٹی اور نئے مرکزی کمیشن برائے نظم و معائنہ کے انتخاب کے بعد کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔اس اجلاس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی19ویں مرکزی کمیٹی کی رپورٹ پر قرارداد کے ساتھ ساتھ 19ویں مرکزی کمیشن برائے نظم ومعائنہ کاری بارے ورک رپورٹ پر قرارداد اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے نظرثانی شدہ آئین سے متعلق قرارداد کی منظوری دی گئی۔اس کانگریس نے پوری پارٹی، پوری فوج اور تمام نسلی گروہوں سے تعلق رکھنے والے چینی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کامریڈ شی جن پھنگ کی سربراہی میں پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ساتھ منسلک رہیں۔یہ ذہن میں رکھیں کہ محض باتوں سے ہمارے ملک کا کچھ بھلا نہیں ہوگا بلکہ صرف ٹھوس کاموں سے ہی ملک پھلےپھولے گا۔سب پر زور دیا گیا ہے کہ مضبوط اعتماد برقرار رکھیں ، ایک ہو کر متحد رہیں ، عزم کے ساتھ آگے بڑھیں اور ہر لحاظ سے ایک جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر کےلیے متحد ہو کر جدوجہد کریں اور تمام محاذوں پر قومی احیائے نو کو فروغ دیں۔شی جن پھنگ نے اختتامی اجلاس کی صدارت کی۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20ویں قومی کانگریس کے روسٹرم کی اگلی صف میں پریسڈیم کی قائمہ کمیٹی کے اراکین بیٹھے ہوئے تھے جن میں شی جن پھنگ، لی کھ چھیانگ، لی ژان شو، وانگ یانگ، وانگ ہوننگ، ژاؤ لی جی، ہان ژینگ، وانگ چھی شان،ڈنگ شوئے شیانگ، وانگ چھن ، لیو ہی ، شو چھی لیانگ ، سن چھون لان ، لی شی ، لی چھیانگ ، لی ہونگ ژونگ ، یانگ جی چھی ، یانگ شیاؤدو،ژانگ یو شیا ،چھن شی ، چھن چھوانگ گو،چھن مینئر ،ہو چھن ہوا ، گو شنگ کن،ہوانگ کن منگ، چھائی چھی ، ہوجن تاؤ، لی روئی ہوان، وین جیاباؤ،جیا چھنگ لِن، ژانگ ڈی جیانگ، یوژینگ شینگ، سونگ پھنگ، لی لان چھنگ، زینگ چھنگ ہونگ، وو گوان ژنگ، لی چھانگ چھون، ہی گوچھیانگ، لیو یون شان، ژانگ گاؤلی، یو چوان اور ژانگ چھنگ لی شامل تھے۔کانگریس میں 2 ہزار 378 منتخب اور خصوصی طور پر مدعو کیے گئےمندوبین میں سے کل 2 ہزار 338 نے اختتامی اجلاس میں شرکت کی۔مندوبین کی موجود ہ تعداد مجموعی تعداد کے نصف سے تجاوز کر گئی جو کہ کانگریس کے انتخابی اصولوں کے مطابق ہے۔ادھر چینی میڈیا کے مطابق ملک کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے مزید 5 سال تک شی جن پنگ کو پارٹی کا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا ۔بیجنگ کے گریٹ ہال آف پیپل میں بند کمرے میں ہونے والی ووٹنگ کے اعلان کے بعد شی جن پنگ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے جو پرخلوص اعتماد ہم پر کیا ہے میں اس کے لیے پوری پارٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے وعدہ کیا کہ ہماری پارٹی اور لوگوں کے عظیم اعتماد پر پورا اترنے کرنے کے لیے پوری دلجمعی کے ساتھ فرائض انجام دیے جائیں گے۔شی جن پنگ کو چین کی مرکزی فوجی کمیشن کا دوبارہ سربراہ بھی منتخب کیا گیا ہے، مارچ میں حکومت کے سالانہ قانون ساز اجلاس کے دوران باضابطہ طور پر اعلان ہونے کے بعد 69 سالہ شی جن پنگ کی چین کے صدر کے طور پر تیسری مدت یقینی ہے۔ان کا تقرر 2300 پارٹی مندوبین کی ایک ہفتہ طویل کانگریس کے بعد عمل میں آیا، اجلاس کے دوران مندوبین نے قیادت میں شی جن پنگ کی بنیادی پوزیشن کی توثیق کی اور حکومتی قیادت میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کی منظوری دی جس میں سابق حریف عہدوں سے الگ ہوگئے۔چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 20 کانگریس میں نئی مرکزی کمیٹی کا بھی انتخاب کیا گیا جس میں پارٹی کے لگ بھگ 200 اعلیٰ عہدیدار شامل ہیں، جو شی جن پنگ اور دیگر رہنماؤں کو اسٹینڈنگ کمیٹی کا رکن منتخب کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے۔شی جن پنگ کے بعض قریب ترین اتحادیوں کو 7 رکنی کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا، شنگھائی پارٹی کے سابق سربراہ اور صدر شی جن پنگ کے قریبی ساتھی لی کیانگ کو ترقی دے کر ملک میں دوسرا طاقتور رہنما مقرر کر دیا گیا، اس بات کا امکان ہے کہ انہیں آئندہ برس مارچ میں حکومت کے سالانہ قانون ساز اجلاس میں ملک کا وزیر اعظم نامزد کردیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر کو تیسری بار صدر منتخب ہونے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’صدر شی جن پنگ کو تیسری بار سی پی سی کا جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’چین کے عوام کی خدمت کے لیے ان کی دانشمندانہ ذمہ داری اور غیر متزلزل لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘۔صدر مملکت عارف علوی نے بھی اپنی ٹوئٹ میں صدر شی جن پنگ کے مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’وہ پاکستان کے حقیقی دوست ہیں اور پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کے چیمپئن ہیں‘۔
شی جن پنگ تیسری بار چین کے صدر منتخب،پوری دلجمعی کے ساتھ فرائض انجام دینے کاعزم،صدراور وزیراعظم پاکستان کی مبارکباد








