اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں پتھراؤ میں ملوث تحریک انصاف کے 12 کارکنان کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق بارہ کہو میں پتھراؤ کرنے والے تحریک انصاف کے 12کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں مجاہد، فرازمان ، ہارون اور ایاز خان شامل ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں فضل مولا، عثمان خان ، راضمی خان ، مہتاب حسین اور زاہد حسین بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی نااہلی کے خلاف اسلام آباد میں احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے پر پی ٹی آئی کے 7 رہنماؤں سمیت 78 نامزد اورسینکڑوں نامعلوم کارکنان کیخلاف خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے تھے۔
پولیس کے مطابق عمران خان کی نااہلی کے خلاف تحریک انصاف کے ایک ہزار سے 1200 کارکنوں نے فیض آباد پر احتجاج کیا ، جس کی فیصل جاوید، عامر کیانی، واثق قیوم عباسی، راشد حفیظ، عمر تنویر بٹ اور راجہ راشد نسیم کر رہے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق مظاہرین نے قیادت کے اشتعال دلانے پر پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس سے متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔ مظاہرین نے درختوں کو آگ لگائی اور سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔ اور اپنے عمل سے عوام میں خوف و ہراس پیدا کیا۔
اسلام آباد، توڑ پھوڑ میں ملوث تحریک انصاف کے 12 کارکنان گرفتار








