لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ق کے قائدین چوہدری برادران نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن سے حتمی لائحہ عمل کے لیے 48 گھنٹے کا وقت مانگ لیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جمیعت علما اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی چوہدری برادران سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے لیگی قائدین کو یقین دہانی کرائی کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے جو معاملات طے کیےان وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔اس پیش کش پر چوہدری برادران نے واضح کیا کہ آج سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی جائے گی جس میں فیصلوں کو حتمی شکل دیں گے۔چوہدری برادران نے مولانا فضل الرحمان سے حتمی لائحہ عمل کے لیے ایک دو روز (48 گھنٹے) کا وقت مانگا اور بتایا کہ پارٹی مشاورت کے بعد حتمی جواب دیا جائے گا۔چوہدری برادران نے مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا کہ گیارہ اراکین قومی اسمبلی سے رابطہ ہے ان کو بھی اعتماد میں لیں گے۔