بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ باکس آفس پر میگا بالی ووڈ فلموں سے بھی آگے

جیو فلمز کی پیشکش، انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کے 13 دن بعد بھی باکس آفس پرشاندار پذیرائی کا سلسلہ جاری ہے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ریلیز کے بعد 10 دنوں میں باکس آفس پر 100کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی کامیابی کے ریکارڈ توڑے ہیں، فلم نے ریلیز کے13ویں دن بین الاقوامی سطح پر بالی ووڈ کی دو میگا فلموں کو باکس آفس پر پیچھے چھوڑ کر ایک اہم سنگ میل عبورکرلیا ہے۔

اکشے کمار کی فلم ‘رام سیتو’، اجے دیوگن اور سدھارتھ ملہوترا کی فلم ‘تھینک گاڈ‘ کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کیا گیا۔ دونوں فلموں نے بھارت میں پہلے دن اچھی کارکردگی دِکھائی لیکن عالمی سطح پر زیادہ متاثر کن کامیابی نہیں دِکھا سکیں۔

بالی ووڈ فلموں کے تجزیہ کار کومل نیہتا نے بدھ کو مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر آگاہ کیا کہ بھارتی فلم ’رام سیتو‘ اور ’تھینک گاڈ‘ دیوالی کے موقع پر بھارت میں تو پہلے دن باکس آفس پر کامیاب رہیں لیکن دونوں ہی فلموں کا بیرون ملک میں برا حال رہا اور پاکستانی فلم ’مولا جٹ‘ اپنی ریلیز کے 13 ویں دن بھی بالی ووڈ کی دونوں فلموں سے زیادہ بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ کینیڈا میں باکس آفس پر 25 اکتوبر بروز منگل ریلیز کے 13 ویں دن ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے31,183 ڈالرز کا، پنجابی فلم ’ہنی مون‘ نے20,923 ڈالرز کا، ’تھینک گاڈ‘نے 14,444ڈالرز اور ’رام سیتو‘ نے 12,714 ڈالرز کا بزنس کیا۔

اُنہوں نے لکھا کہ برطانیہ میں باکس آفس پر 25 اکتوبر کو ریلیز کے 13 ویں دن ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے32,261 پاؤنڈز کا، ’رام سیتو‘ نے ریلیز کے پہلے دن 11,794پاؤنڈز کا، ’تھینک گاڈ‘ نے ریلیز کے پہلے دن 11,884 پاؤنڈز کا بزنس کیا‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آسٹریلیا میں باکس آفس پر 25 اکتوبر کو ریلیز کے 13 ویں دن’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے 10,282 ڈالزر کا، ’رام سیتو‘ نے ریلیز کے پہلے دن  11,307ڈالرز کا اور ’تھینک گاڈ نے 9,273 ڈالرز کا بزنس کیا۔

جس پر پاکستانی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ڈسٹری بیوٹر اور ایٹریئم سینماز کے مالک ندیم مانڈوی والا نے اپنا ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ’یہ ہر پاکستانی کے لیے فخریہ لمحہ ہے‘۔

اُنہوں نے کومل نیہتا سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ’ آپ کی صاف گوئی کے لیے شکریہ‘۔

ندیم مانڈوی والا نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کے لیے فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت کا بھی شکریہ ادا کیا۔