ریاض (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب میں معروف ادبی تنظیم حلقہء فکروفن کے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز کو آرٹ کونسل آف پاکستان ( کراچی )کی جانب سے اوورسیز سعودی عرب کے لئے چیف کوارڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے، اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکیشن صدر آرٹس کونسل آف پاکستان محمد احمد شاہ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے. صدر آرٹس کونسل آف پاکستان محمد احمد شاہ کے مطابق اوورسیز میں شعراء اور ادباء گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں اور شعر و ادب کے خزانے میں بھرپور اضافہ کر رہے ہیں اس ضمن میں حلقہ فکروفن سعودی عرب میں گزشتہ چالیس سال سے ادب کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور ڈاکٹر طارق عزیز تنظیم کے ناظم الامور کے فرائض کو باخوبی سرانجام دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر طارق عزیز کی ادبی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اوورسیز کے لئے چیف کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے. حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کھا ہے کہ ڈاکٹر طارق عزیز کا ادبی ذوق اور انکی خدمات کے اعتراف میں انہیں جس اعزاز سے نوازا گیا ہے وہ قابل فخر ہے. حلقہ فکروفن کے جنرل سیکرٹری اور نامور شاعر وقار نسیم وامق کا کہنا ہے کہ حلقہ فکروفن کے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے ان کے ناظم الامور کو اہم عہدے سے نوازا گیا ہے. تنظیم کے تمام شعراء کرام اور ادیب گزشتہ چالیس برس سے سعودی عرب میں ادب کی خدمت کا فریضہ انجام دیتے آ رہے ہیں اور ڈاکٹر طارق عزیز اردو ادب کا ایک درخشاں ستارہ ہیں جنھوں نے اپنے تخلیق کردہ ادب سے اپنی منفرد پہچان بنائی ہے اور آرٹس کونسل پاکستان کا اوورسیز کے لئے چیف کوارڈینیٹر بننے کے بعد وہ مزید ادبی خدمات کو فروغ دینے کے لئے کام کریں گے. حلقہ فکروفن کے تمام عہدیداروں اور ممبران کی جانب سے بھی ڈاکٹر طارق عزیز کو مبارکباد پیش کی گئی ہے اسکے علاوہ دیگر سیاسی،سماجی،ادبی تنظیموں نے بھی آرٹس کونسل کے فیصلے کو سراہا ہے جبکہ صحافتی تنظیم پاک میڈیا فورم نے بھی ڈاکٹر طارق عزیز کو مبارکباد پیش کی ہے.
ادبی تنظیم حلقہء فکروفن کے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز آرٹ کونسل آف پاکستان کے سعودی عرب کے لیے چیف کوآرڈی نیٹر مقرر







