لاہور(ممتاز نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ماضی میں جو ہوا سو ہوا، فوج آئندہ کے لیے سیاست سے توبہ کرے اور سیاسی معاملات سیاستدانوں پر چھوڑ دے۔ ہمیں پاک آرمی سے پیار ہے، نہیں چاہتے جرنیلوں کو پریس کانفرنسیں کرنا اور وضاحتیں دینا پڑیں۔ افراد اور ادارے آپس میں دست و گریبان ہیں، اصولوں کی علمبرداری کے دعوے کر کے مفادات کی سیاست ہورہی ہے۔ حکمران جماعتیں آدھا سچ بول رہی ہیں، پی ٹی آئی موجودہ اور پی ڈی ایم سابقہ رجیم سے متعلق درست بات کررہی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق 30 اکتوبر کو مینار پاکستان تلے قوم کو مکمل سچ بتائیں گے۔ یوتھ لیڈرشپ کنونشن اپنے پیغام، جذبے اور حاضری کے لحاظ سے تاریخ ساز ہوگا۔ وہ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد اور صدر جے یوآئی یوتھ زبیر گوندل کے ہمراہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ امیرالعظیم نے سینئر صحافی چوہدری غلام حسین کی گرفتاری کی مذمت کی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈر شپ کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔ منتظمین نے انہیں آگاہ کیا کہ کنونشن کے لیے سٹیج کی تیاری حتمی مراحل میں ہے، کرسیاں لگانے اور دیگر انتظامات بھی رات تک مکمل کر لیے جائیں گے۔ امیرالعظیم نے کہا کہ موجودہ حالات ملک کے لیے پوری دنیا میں بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ پارلیمنٹ، ساہوکاروں، جاگیرداروں اور وڈیروں کے قبضے میں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایوانوں میں ملک کے پڑھے لکھے اور باشعور نوجوان جائیں اور قوم کی تقدیر سنواریں۔مینارِ پاکستان کے سائے تلے ”پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈر شپ کنونشن“ ملک میں بے یقینی کے خاتمے کا آغاز اور امید کی کرن ثابت ہو گا۔ نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہو اور پاکستان کو اس کی حقیقی منزل ملے۔
فوج سیاست سے توبہ کر کے سیاسی معاملات سیاستدانوں پر چھوڑ دے،امیر العظیم








