اسلام آباد ائیرپورٹ سے متصل ٹاپ سٹی ون کی جانب سے لانگ مارچ سے متعلق سکیورٹی امور پر پولیس اور مقامی انتظامیہ کو تعاون کی یقین دہانی کرادی۔رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس میں علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو پر ٹاپ سٹی ون کی انتظامیہ کی جانب سے بیان جاری کردیا گیا۔ٹاپ سٹی ون کے سی او او بریگیڈیئر سکندر خان نے آفیشل بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے قریب واقع ٹاپ سٹی ون ایک مکمل نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو سنائی گئی جس میں ٹاپ سٹی ون کا ذکر ہوا۔ مبینہ آڈیو کی گفتگو میں لانگ مارچ کے حوالے سے سیاسی جماعت کے منصوبے سے متعلق ٹاپ سٹی ون کا نام ظاہر کرتے ہوئے غلط فہمی پیدا کی گئی جبکہ ٹاپ سٹی ون کا تعلق کسی بھی طرح سیاسی جماعت سے نہیں ہے۔ ٹاپ سٹی ون ایک نمایاں کاروباری شناخت کا حامل پراجیکٹ ہے جس کی سکیورٹی کے ضامن تین ریٹائرڈ بریگیڈیئر، دو کرنل، دو میجر اور ایک پاکستان نیوی کے ریٹائرڈ کمانڈر ہیں جبکہ ایور ریڈی سکیورٹی مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ بطور نجی سکیورٹی کمپنی فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کے ہمراہ اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ مبینہ آڈیو کے تناظر میں ٹاپ سٹی ون کی انتظامیہ نے حکومت پاکستان، اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ اور پولیس کو تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔










