راولپنڈی(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت کا ریڈ زون اسلام آباد کی توسیع کا فیصلہ سیاسی تصادم کو دعوت دینا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ریڈزون کو زیرو پوائنٹ تک توسیع دینا سپریم کورٹ کے لانگ مارچ کی اجازت کی نفی ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) October 30, 2022
انہوں نے کہا کہ اداروں نے بھی کہا ہے پرامن مارچ کی کوئی پابندی نہیں۔ 4 نومبر بروز جمعہ ہم روات سے لانگ مارچ کا اسلام آباد کے لیے تاریخی استقبال کریں گے۔
‘حکومت مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے’
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت الیکشن سے فراری ہے، مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جو حقیقی با اختیار ہیں وہ ملک کی بہتری کے لیے الیکشن کروائیں، عوام سے ٹکراؤ، معیشت کی تباہی اور ڈیفالٹ ہونا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ایف آئی اے میری گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس پر دباؤ ڈال رہی ہے، 31 اکتوبر کو میری قبل از گرفتاری ضمانت کی لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہو گی۔
حکومت نے اسلام آباد کے ریڈ زون کو زیرو پوائنٹ تک توسیع دے دی
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے ریڈ زون کو زیرو پوائنٹ تک توسیع دے دی تھی۔
وفاقی حکومت نے لانگ مارچ کے لئے اسلام آباد کے ریڈ زون کو زیر پوائنٹ تک توسیع دے دی، جہاں حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
حکومت کی جانب سے زیڈ زون میں زیرو پوائنٹ تک کا علاقہ، فیصل ایونیو، مارگلہ روڈ، بری امام اور ففتھ ایونیو شامل کئے گئے ان تمام علاقوں کو بھی ریڈ زون کا حصہ قرار دے دیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے ریڈ زون کا حصہ قرار دیے گئے تمام علاقوں میں دفعہ 144 نافذ رہے گی اور توسیع شدہ علاقے میں بھِی ریلی جلسے یا اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کو اسلام آباد میں لانگ مارچ اور دھرنے کی اجازت دے رکھی ہے، تاہم عدالتی حکم کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت یا کارکنان ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکتے۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ 26 سال سے سیاست میں ہوں، ہم سے زیادہ کسی نے احتجاج نہیں کیا ہوگا، 120 دن کا دھرنا دیا، تاریخ ہے ہم ہمیشہ پرامن، آئین اور قانون کے اندر رہ کر احتجاج کرتے ہیں، عدالت نے جو لائنز دیں ان پر رہیں گے، ریڈ زون میں نہیں جائیں گے۔









