بھارتی ریاست گجرات کے موربی ضلع میں اتوار کی شام ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک جبکہ 100 لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات میں بہتی مچھو ندی پر بنا کیبل برج اچانک ٹوٹ گیا۔ اس وقت پُل پر تقریباً 400 لوگ موجود تھے، جس میں سے 100 لوگ ندی میں جاگرے، جبکہ 35 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
مچھو ندی پر بنا یہ کیبل برج کافی پرانا تھا اور اسے ہیریٹیج برجز میں شمار کیا جاتا تھا۔
یہ پل رممت کیلئے تقریباً سات مہینوں تک بند تھا اور دیوالی کے بعد گجراتی نئے سال پر ہی مرمت کے بعد اس برج کو دوبارہ دو دن پہلے ہی کھولا گیا تھا۔
فی الحال ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ندی میں گرے 100 لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے وزیر اعلیٰ اور دیگر افسران سے موروبی میں پیش آئے حادثے کے سلسلہ میں بات کی۔
”انہوں نے بچاؤ مہم کیلئے ٹیموں کو فوراً اکٹھا کرنے، صورتِ حال کی باریکی سے لگاتار نگرانی اور متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد دینے کی ہدایت کی ہے۔“
حادثے کے حوالے سے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے بھی ٹویٹ میں لکھا، ”موروبی میں سسپینشن برج گرنے کے واقعہ سے دکھی ہوں، بچاؤ اور راحت کے کام چل رہے ہیں، زخمیوں کے فوراً علاج کیلئے ضروری ہدایات دے دی ہیں۔ میں اس واقعے پر ضلع انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہوں۔“
بھارت: پُل گرنے سے 35 افراد ہلاک، 100 سے زائد لاپتہ







