facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا، جس کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف میں دھماکے سنے گئے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین پر خصوصی فوجی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے یوکرین کی فوج سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر پیوٹن نے دھمکی دی ہے کہ بیرونی مداخلت ہوئی تو روس جواب دے گا۔

روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین کی فوج سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پیوٹن کے مطابق یہ فوجی آپریشن یوکرین کی دھمکیوں کے جواب اور اسلحے سے پاک خطے کے لیے ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسہ میں پہنچ گئی۔

روسی فوج کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر میزائل حملے کیے گئے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف میں متعدد دھماکے سنے گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی شہر ماریوپول اور بندرگاہ بلیک سی پورٹ اڈیسہ پر بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔

یوکرین نے سول طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس شروع

روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی اور تنازع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوٹریس نے روس پر زور دیا ہے کہ پیوٹن اپنی فوج کو یوکرین پر حملے سے روکے، صدر پیوٹن امن کو موقع دیں، پہلے ہی کئی لوگ مر چکے ہیں۔

سلامتی کونسل کاہنگامی اجلاس یوکرین کی درخواست پر بلایا گیا ہے، 3 روز کے دوران سلامتی کونسل کا یہ دوسرا ہنگامی اجلاس ہو گا۔

روس کا آپریشن درست ہے: روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ نے سلامتی کونسل کو مشرقی یوکرین پر روسی حملے سے آگاہ کر دیا۔

روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت روس کا آپریشن درست ہے۔

یوکرینی، امریکی، برطانوی سفیروں کے سلامتی کونسل میں بیان

یوکرین کےسفیر برائے اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل میں بیان دیا ہے کہ روس نے جنگ کا اعلان کیا ہے، روس کو جنگ سے روکنا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی ذمے داری ہے۔

امریکی سفیر برائے اقوامِ متحدہ نے سلامتی کونسل میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے خلاف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں آج قرار داد پیش کریں گے۔

امریکی سفیربرائےیواین کا کہنا ہے کہ جس وقت ہم یہاں امن کے خواہاں ہیں، اسی وقت پیوٹن نے جنگ کا پیغام دیا ہے۔

برطانوی سفیر برائے اقوامِ متحدہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مشرقی یوکرین میں روسی فوجی کارروائی بلا اشتعال اور بلا جواز ہے۔

یوکرین پر حملے کا جواب دیں گے: امریکی صدر

امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کا امریکا اور اتحادی متحد اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ روسی اقدامات پر مضبوط اور متحد ردِ عمل کے لیے نیٹو سے رابطہ کریں گے، یوکرین پر روسی حملہ تباہ کن انسانی نقصان کا سبب بنے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ یوکرین پر حملے پر دنیا روس کو جواب دہ ٹھہرائے گی، اس روسی حملے کے نتائج پر آج قوم سے خطاب کروں گا۔

تیل کی قیمت میں اضافہ

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے زائد ہو گئی۔

نیٹو کی یوکرین پر حملے کی مذمت

نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے یوکرینی علاقے پر روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی حملے سے شہریوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو اتحادی روس کی نئی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ملاقات کریں گے، ہم اس خوفناک وقت میں یوکرین کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیٹو تمام اتحادیوں کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔