جدہ (امیر محمد خان ) سعودی عرب میں پاکستانیوں نے تحریک انصاف کے قافلے پرحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت اور تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرموں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائےاور عوام کو تحقیقات کے نتیجے سے آگاہ کیا جائے ۔
سعودی عرب میں مقیم سرکردہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے قافلے پر حملے کے بعد پنجاب اور پشاور کے علاقوں میں سڑکوں پر ہنگامہ آرائی کی بھی مذمت کی اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ تحریک انصاف کی جن علاقو ں میں حکومت ہے وہاں پی ٹی آئی کو ہدایت دینی چاہئے کہ ہنگامہ آرائی فوری بند کی جائے، سینکڑوں یا ہزاروں لوگ سڑک پر آکر لاکھوں افراد اور انکے اہل خانہ کی زندگی اجیرن نہ کریں ،پی ٹی آئی کے مظاہرہ کرنے والے افراد اپنی ہی حکومت کی پولیس پر پتھراو کررہے ہیں ۔اس مہنگائی کے دور میں گرفتاریوں سے کتنے خاندان معاشی بحران کامزید شکار ہوں گے ۔سعودی عرب میں مقیم پاکستانیو ں نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے کارکنوں سے ہنگامہ آرائی نہ کرنے کی ہدایت دیں ۔انہوں نے پاکستان کے سکیورٹی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے پیش آتے ہوئے امن کو کو ممکن بنائیں ،سمندر پار پاکستانی دور بیٹھے اپنے اہل خانہ کیلئے پریشانی میں مبتلا ہیں ۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی پی ٹی آئی کے قافلے پر حملے کی مذمت، عمران خان سے کارکنوں کوپرامن رہنے کی ہدایت کرنے کا مطالبہ








