بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سکھوں کے لیے چلائی گئی اسپیشل ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، یاتری زخمی

لاہور(نیوز ڈیسک بابا گرونانک کے جنم دے کی مناسبت سے سکھوں کے لیے چلائی اسپیشل ٹرین پٹڑی سے اتر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کچھ یاتری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ ریلوے کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے چلائی گئی پہلی اسپیشل ٹرین شیخوپورہ سیکشن پر پٹڑی سے اتر گئی۔ بابا گرونانک کے 553 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں اندرون سندھ اور ملک کے دیگر شہروں سے آنے والے سکھ یاتری اسپیشل ٹرین سے ننکانہ صاحب جارہے تھے۔حادثے میں سکھ یاتری معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

محکمہ ریلوے نے ٹوئٹر بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھوں کے لیے کراچی سے ننکانہ صاحب آنے والی اسپیشل ٹرین کی 9 بوگیاں شورکوٹ اور پیر محل اسٹیشن کے درمیان 7 بج کر 55 منٹ پر پٹڑی سے اتر گئیں، جس پر فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کردی گئی۔
بیان کے مطابق بیشتر مسافروں کو ٹرین کے پہلے حصے (جو ٹریک پر تھا) میں ایڈجسٹ کر کے 9:55 پر ننکانہ صاحب کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے جب کہ بقیہ مسافروں کی روانگی کا بھی انتظام کر لیا گیا ہے۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ڈی ایس لاہور ٹیم کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ رہے ہیں۔

قبل ازیں ریلوے حکام نے 6 نومبر سے بھارت سے پاکستان واہگہ کے راستے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بھی 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔ جنم دن کی تقریبات میں بھارت سے3 ہزار سکھ یاتری شرکت کریں گے، جن کے لیے ریلوے حکام نے واہگہ اسٹیشن سے 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ بابا گرونانک کے 553 ویں جنم دن کی 3 روزہ تقریبات 6 نومبر سے ننکانہ صاحب میں شروع ہوں گی۔ اسپیشل ٹرینوں کے ذریعے سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب، سچا سودا حسن ابدال لے جایا جائے گا جب کہ مرکزی تقریب ننکانہ صاحب میں 8 نومبر کو ہوگی۔ سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کرکے14 نومبر کو واپس لاہور گردوارہ ڈیرہ صاحب آئیں گے اور بعد ازاں 15 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت چلے جائیں گے۔