اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اسپیکر کی تاخیری حربوں سے عمران کو نہیں بچا سکتے، مولانا فضل الرحمان اور متحدہ اپوزیشن نے فیصلہ کیا تھا کہ مہنگائی مارچ پی ڈی ایم کے زیر اہتمام کیا جائے گا۔ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہمارے قافلے کراچی، گوادر، تربت، دالبدین، چاغی سے روانہ ہوچکے ہیں ، قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سے بھی قافلے روانہ ہو چکے ہیں، (آج) قائد جمعیت کی قیادت میں قافلے ڈی آئی خان سے روانہ ہوں گے،عبدالغفور حیدری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع سے بھی کارکنان کل روانہ ہوں گے، ہفتہ کی شام3 بجے یہ سب سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب کے قافلے جمع ہو جائیں گے، عصر اور مغرب کے درمیان قافلے یہاں اسلام آباد پہنچ جائیں گے، 27کو مسلم لیگ ن کا قافلہ لاہور سے روانہ ہوگا، عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جو کردار اسپیکر ادا کر رہے ہیں تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، وہ مسلسل تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، اسپیکر صاحب آپ تاخیری حربوں سے عمران کو نہیں بچا سکتے، یہ رکاوٹیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔
اسپیکر کی تاخیری حربوں سے عمران کو نہیں بچا سکتے، عبدالغفور حیدری








