بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پروٹیز کو اپ سیٹ کرنے کے بعد ڈچ کھلاڑی نے بابر اعظم سے گراؤنڈ میں کیا کہا؟

نیدر لینڈ کی جانب سے جنوبی افریقا کو اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ہاتھ ہلا کر ڈچ کپتان کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے نیدرلینڈ یا زمبابوے کی جنوبی افریقا یا بھارت کے خلاف فتح کے ساتھ بنگلادیش سے کامیابی حاصل کرنا تھی۔

آج ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیدرلینڈ نے جنوبی افریقا کو 13 رنز سے شکست دیکر جہاں پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہیں ہموار کیں وہیں شاہینوں نے بنگال ٹائیگرز کو 5 وکٹوں سے دبوچ کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔

ہالینڈ کی جیت پر پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی انہیں مبارکباد پیش کی اور جنوبی افریقا کو شکست دینے کے بعد جب ڈچ کھلاڑی گراؤنڈ سے باہر جا رہے تھے تو پاکستانی ٹیم بنگلادیش کے خلاف میچ کے لیے گراؤنڈ میں داخل ہو رہی تھی۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں ڈچ ٹیم کو ہاتھ ہلا کر مبارکباد دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پاکستانی کپتان کی جانب سے ہاتھ ہلانے پر ہالینڈ کے کھلاڑی ٹام کوپر نے بھی زوردار الفاظ میں کہا اب آپ کو اپنی جیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ ہم چوتھے نمبر پر پہنچ جائیں۔

خیال رہے کہ گروپ ٹو میں چوتھے نمبر پر آنے کی وجہ سے ہالینڈ کی ٹیم اگلے ورلڈکپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر گئی ہے۔