اسلام آباد(ممتاز نیوز )پی ٹی آئی رہنما اورعمران خان کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے گلوکار سلمان احمد نے فوجی قیادت کے ساتھ پی ٹی آئی رابطوں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی میجر جنرل فیصل نصیر سے بالمشافہ ملاقات ہوئی تھی۔سوشل میڈیا پرمیجر جنرل فیصل نصیرکو براہ راست ویڈیو پیغام میں سلمان نے کہا کہ ، ”میرا پیغام میجر جنرل فیصل نصیر، جو پاکستان کی تمام داخلی اور خارجی سیکیورٹی کے ذمہ دار ہیں ان کے لیے ہے، جنرل صاحب آپ کی اور میری میٹنگ میں بات ہوئی تھی کہ سول ملٹری تعلقات میں جو خلیج آئی ہوئی ہے ہم نے وہ زخم بھرنے ہیں“۔سلمان احمد کے مطابق ، ”جنرل صاحب، ٹارچرہورہا ہے ہمارےملک کے اندر، ہمارے ملک کے جو سینیٹرز ہیں ان کی ویڈیوزریلیزکی گئی ہیں،اور 3 نومبر کو جو قاتلانہ حملہ ہواعمران خان جو پاکستان کے سب سے بڑے ہیرو ہیں ، آپ ملک کی بیرونی و اندرونی سیکیورٹی جانتے ہیں، آپ کو پتہ ہے یہ سب کچھ کون کررہا ہے، یہ سب کچھ کس نے پلان کیا تو بجائے اس کے کہ آپ خاموش رہیں، میں کہہ رہا ہوں آپ کا فرض بنتا ہے کہ آپ سامنے آئیں اور بتائیں ملک کو کہ کیا ہورہا ہے“۔جنرل فیصل نصیرسے ملاقات کے دعویدار سلمان احمد نے ان سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ ،”آپ نے مجھے 2 گھنٹے دیے تھے اس میٹنگ میں اور آپ نےمیرا ہاتھ پکڑ کرکہا تھا کہ سلمان آپ اثاثہ ہیں اس ملک کے اور میں پوری کوشش کروں گا کہ ایک وِن وِن سچویشن بنانے کا تو اب وہ وقت آگیا ہے“۔دوسری جانب پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ تین افراد کے خلاف درج کیا جائے۔ یہ افراد وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک اہم پوزیشن پر فائز ایک سینئر فوجی افسر ہیں۔پنجاب حکومت اور پولیس کو شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پر اعتراض نہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ سینئر فوجی افسر کا نام ایف آئی آر میں شامل نہ کیا جائے۔سینئرصحافی حامد میر نے کہاکہ یہ ملاقات عمران خان پرحملے سے کچھ دن پہلے ہوئی اوراب اس ویڈیوکامقصد یہی نظرآرہاہے کہ جنرل فیصل نصیر صاحب کے ساتھ دوبارہ کوئی چینل کھولاجائے اسی لیے ان سے کہاجارہاہے کہ کچھ کریں
جنرل صاحب سے ایک ملاقات کی کہانی سلمان احمد کی زبانی pic.twitter.com/vdMoA90RHG
— Hamid Mir حامد میر (@HamidMirPAK) November 7, 2022









