جدہ(ممتازنیوز)مسلم لیگ(ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید، مرکزی چیئرمین چودھری اکرم گجر اور (ن)لیگ جدہ کے صدر عمرمسعود پوری نے ملک سے سودی نظام کے خاتمے سے متعلق وزیرخزانہ اسحا ق ڈار کو خوش آئند پیشرفت قرار دیتے ہوئے امیدظاہر کی ہے کہ اس کار خیر کو بلاخیر انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وفاقی شریعت کورٹ کےفیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیلیں واپس لینے سے متعلق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے (ن)لیگ سعودی عرب کے رہنماؤں نے کہاکہ حکومت کے اس فیصلے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سود سے پاک معاشی نظام ہی ایک مسلم معاشرے کی اصل پہچان ہے ،سود اللہ اور اس کے رسولؐ سے اعلانیہ جنگ ہے اور کوئی مسلمان ایسا سوچ بھی نہیں سکتا کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کے احکامات کے خلاف جائے ۔شیخ سعید، چودھری اکرم گجر اور عمرمسعود پوری نے کہاکہ ایٹمی دھماکے ہوں یا پھر سی پیک کا آغاز ،ان کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کو جاتا ہے جس نے ملک کے مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا اور کوئی دباؤقبول نہیں کیا اب ملک سے سودی نظام کے خاتمے کے سہرا بھی مسلم لیگ(ن) کی زیرقیادت اتحادی حکومت کو جائے گا۔









