کراچی: وفاقی وزارت تعلیم کے زیلی ادارے آئی بی سی سی نے کیمبرج انٹرنیشنل کے بعد ایڈکسل (پیروسن) کو بھی برٹش کونسل کے بغیر پاکستان میں براہ راست 14 اسکولوں میں او اور اے لیول کے امتحانی مراکز قائم کرنے کی اجازت دیدی ہے جب کہ ایک اور برطانوی ادارے لرننگ ریسورس نیٹ ورک (ایل آر این) نے پاکستان میں کام کرنے کے لیے وفاقی وزارت تعلیم سے اجازت مانگ لی ہے اس طرح کیمبرج، ایڈکسل کے بعد یہ تیسرا برطانوی ادارہ ہوگا جو پاکستان کے تعلیمی اداروں کو الحاق دے گا۔ وزارت تعلیم کے ایک افسر کے مطابق پاکستانی تعلیمی نظام پر اعتماد نہ ہونے کے باعث دو لاکھ سے زائد طلبہ او اور اے لیول امتحان میں شریک ہوتے ہیں اور محتاط اندازے کے مطابق ہر سال 25ارب سے زائد رقم امتحانی فیس کی مد میں برطانیہ منتقل ہوجاتی ہے۔ آئی بی سی سی کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیروسن کے تحت جن 14اسکولوں کو براہ راست ماڈل کے تحت امتحانی مرکز بنانے کی منظوری دی ہے ان میں بیکن ہاؤس پی ای سی ایچ ایس کراچی، بیکن ہاؤس مارگلہ اسلام آباد، سٹی اسکول پی اے ایف کراچی، روٹس اسکول سسٹم اسلام آباد ، فروبیلز انٹرنیشنل اسکول راولپنڈی، فروبیلز انٹرنیشنل اسکول لاہور، ہیڈ سٹارٹ اسکول اسلام آباد، بیکن لائٹ اکیڈمی کراچی، کارنر اسٹون اسکول لاہور، سٹی اسکول درخشاں کیمپس کراچی، ڈی ایچ اے سی ایس ایس، کراچی، سیڈرکراچی، بیکن ہاؤس رنگ روڈ لاہور اور بیکن ہاؤس ڈیفنس لاہور شامل ہیں نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ امتحان کے انعقاد میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے آئی بی سی سی اور غیر ملکی بورڈز تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے ساتھ مل کر بیٹھیں گے۔
ایڈکسل کو بھی پاکستان میں براہ راست امتحانی مراکز قائم کرنے کی اجازت








