بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی سی سی آئی اور وزارت ہاؤسنگ کا ۸تا ۱۱ دسمبر پہلی انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو منعقد کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (ممتاز نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے سیکرٹری افتخار علی شلوانی سے ملاقات کی اور اس سال کنونشن سنٹر اسلام آباد میں 8تا11 دسمبر کو مشترکہ طور پرپہلی انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو منعقد کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مذکورہ ایکسپو مقررہ منصوبے کے تحت وقت پر منعقد کی جائے گی اور اس سلسلے میں انتظامات کو تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ملک میں سستی رہائشی سہولیات کو فراہم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ بطور مہمان خصوصی ایکسپو کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام بڑے انٹرنیشنل اور نیشنل ڈویلپرز، بلڈرز اور رئیل اسٹیٹ انٹرپرائزز کو ایکسپو میں اپنے پروجیکٹس کی نمائش کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو پاکستان میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اورمعاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو عوام کو سستی رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کی طرف مثبت پیش رفت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو کی سائیڈ لائن پر تعمیراتی شعبے کے مختلف موضوعات پر سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں ہاؤسنگ کی ضروریات، سستی ہاؤسنگ، ہاؤسنگ کیلئے فنڈنگ اور فنانسگ فریم ورک، ہاؤسنگ شعبے کیلئے ریگولیشنز، دوبارہ آبادکاری، ماحول دوست ہاؤسنگ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ہاؤسنگ شعبے میں سرمایہ کاری کا فروغ نمایاں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزارت ہاؤسنگ اور آئی سی سی آئی کا باہمی تعاون ایکسپو کو ایک انتہائی کامیاب ایونٹ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے کے فروغ سے پچاس سے زائد دیگر صنعتوں کا کاروبار چلتا ہے لہذا ہاؤسنگ ایکسپو ہاؤسنگ اور کنسٹریکشن انڈسٹری کی کاروباری سرگرمیوں کو تیزی سے فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ معیشت بھی تیزی سے بحال ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کار اسلام آباد میں ہائی رائز عمارتوں کی تعمیر میں دلچسپی رکھتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سی ڈی اے بلڈنگ بائی لاز میں ترامیم کر کے بلند وبالا عماروں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلند عمارتوں کی حوصلہ افزائی وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سستی رہائش کے مسئلے کا بہترین حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت کے دور میں تعمیراتی شعبے کی ایمنسٹی سکیم کے تحت جاری تعمیراتی منصوبوں کو ایف بی آر کم از کم ایک سال کی توسیع دے تا کہ وہ آسانی کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچ سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو کو کامیاب بنانے میں وزارت ہاؤسنگ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، شیخ عامر وحید اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔