بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو اجاگر کرنے کیلئے بزنس چینل قائم کرنا چاہتے ہیں۔ احسن بختاوری

اسلام آباد (ممتاز نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں پائے جانے والے کاروبار اور سرمایہ کاری کی صلاحیت اور مواقعوں کو اجاگر کرنے کیلئے آئی سی سی آئی اپنا ریڈیو اور بزنس ٹی وی چینل قائم کرنا چاہتا ہے جس سے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی اور معیشت بہتر ترقی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میڈیا ریگولیٹر ی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل فنانس شمیم گل درانی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے چیمبر کا دورہ کیا اور احسن بختاوری کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں نوجوان نسل اور عوام کے ذہنوں میں سیاست کو بہت زیادہ مسلط کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے ذہنوں میں تجارت، کاروبار، سرمایہ کاری اور معیشت کے بارے میں بہتر شعور اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشریاتی اور پرنٹ میڈیا میں جرائم سمیت دیگر منفی خبروں کی بجائے کاروبار اور سرمایہ کاری سمیت معاشی خبروں پر بہتر توجہ دینے کی ضرورت ہے تا کہ دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہو اور ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں محنت کے ذریعے امیر ترین اور کامیاب افرا دکو لوگ اپنا رول ماڈل بناتے ہیں جبکہ پاکستانی معاشرے میں امیر اور کامیاب افراد کو عزت و وقار دینے کی بجائے انہیں سماج دشمن طبقے کے طور پر اجاگر کیا جاتا ہے جو افسوسناک۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنا ریڈیو اور ٹی وی چینل بنانے پر کام کر رہا ہے تا کہ محنت، خلوص اور دیانتداری سے بننے والے امیر اور کامیاب افراد کو معاشرے میں رول ماڈل کے طور پر اجاگر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں چیمبر ایک خصوصی پروگرام پر کام شروع کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب کو چیمبر میں مدعو کیا جائے گا جس میں ملک کے ممتاز نشریاتی اور پرنٹ میڈیا کے افراد کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، پاکستان میڈیا ریگولیٹر ی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل فنانس شمیم گل درانی نے کہا کہ ریڈیو اور بزنس ٹی وی چینل قائم کرنے میں پیمرا آئی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خوشحال مستقبل مضبوط معیشت سے وابستہ ہے لہذا نشریاتی اداروں کو چاہیے کہ ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے چیمبر کی طرف سے ایک اسپیشل ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے منصوبے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہتر ترقی کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو اس شعبے میں آگے بڑھنے کے سازگار مواقع فراہم کئے جائیں۔پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹ میں چیمبر کو نمائندگی دینے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پارلیمنٹ سے ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ ایکٹ میں اس طرح کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ دونوں اداروں نے اس موقع پر باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات چیت کی۔ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، راجہ امتیاز، اسلم کھوکھر، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔