برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سونک نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد بھارتیوں کیلئے مخصوص ویزا اسکیم متعارف کروادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے وزیراعظم رشی سونک کی متعارف کردہ اسکیم کے تحت ہر سال 3 ہزار بھارتیوں کیلئے برطانیہ میں ملازمت کے دروازے کھل گئے ہیں۔

برطانوی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارت وہ پہلا ملک ہے جس نے اس ویزا اسکیم سے فائدہ اٹھایا ہے، اس اسکیم کے ذریعے گزشتہ سال ہونے والے یوکے ۔ بھارت مائیگریشن اور موبیلٹی پارٹنر شپ کی مضبوطی کو اجاگر کیا گیا ہے۔
Today the UK-India Young Professionals Scheme was confirmed, offering 3,000 places to 18–30 year-old degree educated Indian nationals to come to the UK to live and work for up to two years. pic.twitter.com/K6LlSDLne4
— UK Prime Minister (@10DowningStreet) November 16, 2022
برطانوی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ آج یوکے۔ انڈیا نوجوان پروفیشنلز اسکیم کی تصدیق ہوگئی ہے، یہ اسکیم 18 سے 30 سال کے عمر کے درمیان والے نوجوانوں کیلئے ہے جن کے پاس تعلیمی اسناد موجود ہیں، اس اسکیم کے تحت 3 ہزار نوجوانوں کو برطانیہ میں 2 سال تک قیام اور ملازمت کی پیشکش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ اعلان رشی سونک اور نریندر مودی کی جی 20 سمٹ میں ملاقات کے بعد کیا گیا ہے ،گزشتہ ماہ رشی سونک کے برطانوی وزیراعظم بننے کے بعد یہ ملاقات دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات تھی۔








