اسلام آباد(ممتازنیوز)پی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے عالمی دن پر کہاہے کہ ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہمارے بچے ہیں،بچوں کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنا حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے تاکہ بچے آنے والی نسلوں کی بہبود کے لیے اپنی صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لاسکیں، تعلیم، صحت اور صاف و پرامن ماحول بچوں کی بہتر صحت مند نشونما کے لیے ضروری ہیں، آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں۔بلا ول بھٹو نے کہا کہ بچون کے ذہنوں کو رواداری اور ہم آہنگی کے ساتھ پروان چڑھانے کی ضرورت ہے، بچوں کے مفاد میں اٹھایا جانے والا ہر مثبت قدم ہماری نسل کی جانب سے اپنے بچوں کے لیے پیار اور شفقت کے پیغام کا حصہ ہوگا،پاکستان کو داخلی و خارجی محاذ پر متعدد مشکلات کا سامنا ضرور ہے لیکن اس کے باوجود ہماری اولین ترجیح ہمارے بچوں کا مستقبل ہونا چاہئے، کیونکہ پاکستان ان ہی سے منسلک ہے، ہمارے بچوں کو ابھی اپنی پوری زندگی گذارنی ہے، جب کہ ہم اپنی زندگی کاتھوڑا یا بہت سا حصہ گزار چکے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اس وقت پولیو کے تقریباً ایک چوتھائی کیسز محض پاکستان سے رپورٹ ہو رہے تھے،جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیر اعظم اپنے دوسرے دور حکومت میں انسدادِ پولیو قطرے پلانے کا آغاز کیا تھا، آج ہم پولیو سے پاک ملک بننے کے قریب ہیں اسے ہی وژنری لیڈرشپ کہا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بحال کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے متعارف کردہ یادگار منصوبوں کو ہمیشہ سراہا جاتا رہے گا، ان منصوبوں کو خاص طور پر پاکستانی مائیں ضرور سراہتی رہیں گی،بچوں، خواتین اور معاشرے کے دیگر غیرمحفوظ طبقوں کے لیے قانون سازی کے حوالے سے سندھ سب سے آگے ہے، دیگر صوبوں کو بھی سندھ کے اقدامات کی پیروی کرنی چاہیے۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ مساوات اور یکساں مواقعے ہر بچے کا ناقابلِ تردید حقوق ہیں، ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ ہر بچے کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات تک رسائی حاصل ہو، سیلاب سے متاثر ہونے والے بچوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، گزشتہ مہینوں میں سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثر ہونے والے 33 ملین افراد میں سے ایک تہائی بچے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری میں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ عالمی فورمز پر موسمیاتی انصاف کی افادیت پر زور دیا ہے کیونکہ یہ پاکستان ہی ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ہم مستقبل میں موسمیاتی آفات کا شکار پوری دنیا کے مقدمے کو لڑ رہے ہیں، پی پی پی مستقبل میں بھی ترجیحی بنیادوں پر بچوں کی بہتری و بہبود کے منصوبوں اور اسکیموں کو جاری رکھے گی۔
داخلی و خارجی محاذ پر مشکلات کے باوجود ہماری اولین ترجیح بچوں کا مستقبل ہونا چاہئے،بلاول بھٹو








