کراچی (نیوز ڈیسک) پولینڈ میں میزائل حملے اور اس کے بعد الزامات کا رخ روس کی طرف جانے اور مختلف ملکوں کے سخت رویے کو دیکھتے ہوئے جس وقت دنیا تیسری عالمی جنگ کے خطرے کا سامنا کر رہی تھی اس وقت روس کے دو کامیڈینز نے پولینڈ کے صدر کو فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکروں بن کر فون کیا اور اُن سے میزائل حملے کے حوالے سے تفصیلات طلب کیں۔
خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، روسی کامیڈینز نے پولش صدر آندرے ڈُوڈا کو فون کرکے انہیں قائل کر لیا کہ وہ میزائل حملے کے حوالے سے حساس معلومات فراہم کریں۔

یاد رہے کہ تحقیقات کے بعد یہ بات بعد میں ثابت ہوگئی تھی کہ پولینڈ پر یہ میزائل حملہ روس نے نہیں بلکہ یوکرین نے کیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈُوڈا کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گزشتہ ہفتے پولش صدر کی بات ایک شخص سے کرائی گئی تھی جس نے خود کو ایمانوئیل میکروں کے طور پر متعارف کرایا تھا۔
ترجمان کے مطابق، میزائل حملے کے بعد کئی بین الاقوامی رہنماؤں کی فون کالز موصول ہوئی تھیں جن میں سے ایک یہ (پرینک) کال بھی تھی۔ چونکہ اس وقت ماحول کشیدہ تھا اسلئے پتہ ہی نہ چلا کہ یہ کوئی مذاق ہوگا۔
ترجمان کے مطابق، تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ پتہ چلایا جا سکے کہ مذاق کرنے والوں کو پولش صدر تک فون لائن کیسے ملائی گئی۔
یہ دوسری مرتبہ ہے کہ کسی نے پولینڈ کے صدر کو اس طرح بے وقوف بنایا ہے۔ 2020ء میں انہی مزاحیہ افراد نے اقوام متحدہ کا سیکریٹری جنرل بن کر ان سے بات کی تھی۔
ڈُوڈا سے بات چیت کے بعد روسی کامیڈینز نے ان سے کی گئی بات چیت کے حوالے سے ویڈیو یوٹیوب پر اپنے چینل پر جاری کر دی۔
ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ پولش صدر فون کال کرکے واقعہ پر اظہار افسوس کرنے پر (جعلی) صدر ایمانوئیل کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔








