اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں گورنر ہاؤس خیبر پختونخواہ کا دورہ کیا اورسابق سنیٹر و فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر حاجی غلام علی کو خیبر پختونخوا کا گورنر تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ آئی سی سی آئی اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر احمد ملک، آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ، سابق صدر انجم نثار، ناصر حیات مگو، شاہ زیب اکرم، سلمان چاولہ، شیخ محمد اسلم، قربان علی، مرزا عبدالرحمٰن، سہیل الطاف اور دیگر بھی حاجی غلام علی کو مبارک باد دینے کیلئے اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی نے وفود کے اعزاز میں ایک ظہرانہ دیا اور اس موقع پر ان سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے اور اپنے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک جس معاشی بحران سے دوچار ہے اس سے نکلنے کیلئے ایک قومی اتفاق رائے پیدا کر کے متحدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت، معدنیات، تیل و گیس، زراعت و لائیوسٹاک، انفراسٹریچکر، ہائیڈروپاور، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا بزنس کمیونٹی ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔احسن بختاوری کی دعوت قبول کرتے ہوئے حاجی غلام علی نے کہا کہ وہ جلد آئی سی سی آئی کا دورہ کر کے قومی اتفاق رائے کی کوششوں کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے مبارک باد پیش کرنے کیلئے گورنر ہاؤس کا دورہ کرنے پر بزنس کمیونٹی کے وفود کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ تاجر برادری کے مفادات کے فروغ کی کوششوں میں بھرپور سپورٹ کریں گے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ حاجی غلام علی ملک کے ایک ممتاز بز نس لیڈر ہیں اور وہ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر کی حیثیت سے بھی گراں قدر خدمات انجام دے چکے ہیں لہذا ان کے گورنر تعینات ہونے سے بزنس کمیونٹی کو ایک نیا اعتماد ملا ہے کیونکہ ان کو امید ہے کہ حاجی غلام علی کاروباری طبقے کی بہتری کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں بھی ممتار کاروباری شخصیات کو گورنر تعینات کیا جائے جس سے ملکی معیشت بہتر خطوط پر استور ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور صوبے میں خاص طور پر سیاحت کو ترقی دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں لہذا انہوں نے تجویز دی کہ خیبر پختونخواہ حکومت سرمایہ کاروں کو مزید پرکشش مراعات دینے پر غور کرے جس سے صوبے میں سرمایہ کاری ترقی کرے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت بہتر ہو گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کا گورنر ہاؤس خیبر پختونخواکا دورہ ،حاجی غلام علی کو گورنر کا منصب سنبھالنے پرمبارکباد








