اسلام آباد (نیوز ڈیسک )سپریم کورٹ نے سندھ ہاؤس پر حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کر نے کا حکم جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیا ل کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ سماعت کر رہاہے ، جس دوران اٹارنی جنرل نے دلائل دینے کا آغاز کر دیاہے ۔

دوران سماعت عدالت عظمیٰ نے سندھ ہاؤس پر حملے میں ملوث لوگوں کو گرفتار کر نے کاحکم دیا اور ریمارکس دیئے کہ ہم نے قانون کے مطابق عملدرآمد کا حکم دے دیاہے ، اب کوئی شکایت ہے تو متعلقہ فورم پر جائیں ، عدالت نے اے جی اسلام آباد سے استفسار کیا کہ اب تک عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں کیا ، جس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے جواب دیا کہ ایف آئی آر میں متعلقہ دفعات کا اضافہ کر دیاہے ۔
ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ شواہد کے مطابق دہشتگردی کا واقعہ نہیں بنتا ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جن دفعات کا اضافہ کیا گیاہے ان کے تحت گرفتاریاں کریں ، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہم نے گرفتاریاں کی تھیں لیکن ملزمان نے ضمانتیں کروا لیں ، چیف جسٹس نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ و ضمانتیں تب ہوئیں جب ایف آئی آر میں قابل ضمانت دفعات تھیں، اضافی دفعات کے مطابق کارروائی کر کے کل رپورٹ پیش کریں ۔








