بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فواد چودھری کا وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس پر رد عمل سامنے آگیا

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ہم نے فہصلے کرلیے، اب وفاقی حکومت فیصلہ کرے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کی پریس کانفرس کے رد عمل میں فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ رہنماوں نے عجیب و غریب پریس کانفرنس کی، ہمت کرکے اپنے لیڈر نواز شریف سے پوچھیں انہوں نے این آر او کیوں لیا، ان کی کرپشن پر کوئی شق نہیں اس کے باوجود کہتے ہیں ڈاکو نہ کہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کا پیسہ باہر گیا، کیا کوئی شبہ ہے، آپ کی قیادت اگر 11 سو ارب روپے باہر منتقل کرے گی، تو پھر ڈاکووں سے بھی کوئی بڑا لفظ استعمال ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ عوام میں جاکر کھانا نہیں کھا سکتے، الیکشن کیا لڑیں گے، آپ کے وزیر خزانہ ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام عمران خان کےساتھ کھڑے ہیں جب کہ 75 فیصد پاکستانی کہہ رہے ہیں عام انتخابات کرائے جائیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمیں پوری اُمید ہے ادارے غیر جانبدار رہتے ہوئے اپنا آئینی کردار ادا کریں گے، البتہ ہم نے فیصلے کرلیے ہیں، اب وفاقی حکومت فیصلہ کرے۔
خیال رہے حکومتی وزرا نے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ وفاقی وزراء کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کے مفاد میں عمران خان کی حکومت کا قانون سازی میں تعاون کیا، عمران خان نے دھمکی آمیزانہ مذاکرات کی دعوت دی۔