تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار پارٹی چیئرمین عمران خان کو دے دیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ عمران خان فیصلہ کریں تو 5 منٹ میں اس پر عمل ہوگا ۔
ہفتہ کو پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت سی ایم ہاؤس میں ہوا، جس سے پارٹی چیئرمین عمران خان نے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔ اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی نے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار عمران خان کو دے دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پختونخوا علی محمود خان نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کے ارکان اسمبلی ہیں، جو فیصلہ آپ کریں گے، وہی قبول ہوگا ۔ تمام ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے مجھے دے دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ارکان اسمبلی سے کہا ہے کہ استعفے نہ دیں، جب بھی عمران خان کا حکم ہوا، ہم سب فارغ ہوجائیں گے۔خیبرپختونخوا آپ کا ہے، یہ آپ کا گھر ہے، ہم آپ کے فیصلے کے منتظر ہیں۔جب آپ نے پکارا، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ حقیقی آزادی کے لیے ہم سب تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان تمام پاکستانیوں کی آخری اُمید ہیں اور ملک کی حقیقی آزادی کیلئے جو جدوجہد کر رہے ہیں، اس کے لئے ہم پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھے ، اب بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ اُنہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی عمران خان کے حکم کی منتظر ہے اور جب عمران خان اشارہ کریں گے ،خیبرپختونخوا کی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی ۔
وزیراعلیٰ نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے خیبرپختونخوا کے اراکین صوبائی اسمبلی مکمل تیار ہیں اور ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد میں عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور حکومت تو کیا ہماری جانیں بھی عمران خان کیلئے حاضر ہیں۔ ہم نے اسی ملک میں ہی رہنا ہے اور ملک کی حقیقی آزادی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔
پختونخوا؛ پارلیمانی پارٹی نے اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار عمران خان کو دیدیا








