بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان کے جلسے میں شرکا کی تعداد کے حوالے سے برطانوی میڈیا کا دعویٰ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کے شکر  پڑیاں گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کے 27 مارچ کے جلسے میں شریک عوام کی تعداد سے متعلق متعدد  دعوے کیے جارہے ہیں ۔

پی ٹی آئی کی اسٹیج انتظامیہ  نے گزشتہ  روز دعویٰ کیا تھا کہ جلسے میں لاکھوں افراد شریک  ہوئے جب کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جلسے میں شریک شرکا کی تعداد 60 سے 70 ہزار افراد بتائی گئی  اور انٹیلی جنس بیورو نے یہ  تعداد 26 ہزار بتائی۔

اس حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی پر بھی ایک رپورٹ شائع کی گئی ہے جس میں جلسے کے مقام ، شرکا کے لیے گنجائش اور تعداد کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ میں گوگل میپ کے ذریعے دعویٰ کیا گیا ہے کہ شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ عمران خان کے جلسے کا مقام پانچ لاکھ 74 ہزار 531 سکوائر فٹ پر پھیلا ہوا ہے  لہٰذا رش کی صورت میں وہاں تقریباً ایک لاکھ 67 ہزار افراد کے جمع ہونے کی گنجائش موجود ہے ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اگر گراؤنڈ میں زیادہ سے زیادہ  افراد کی شرکت پر بات کی جائے تو یہاں  دو لاکھ 13 ہزار افراد جمع ہو سکتے ہیں لیکن ہنگامی صورتحال میں حادثہ بھی رونما ہوسکتا ہے۔

اسلام آباد کے سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ اس جلسے کے شرکاکی تعداد 50 ہزار سے زائد تھی اور سڑکوں پر موجود لوگوں کو بھی شامل کیا جائے تو یہ تعداد ایک لاکھ تک ہو سکتی ہے۔