پشاور: گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ نوجوانوں کو اپنے اندر خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہو گا،جدید دور کے بڑے چیلنجز ہوتے ہیں جن سے نوجوانوں کو نبردآزما ہونا ہے اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے اور ملک وملکی اداروں کی مضبوطی کیلئے کام کرنا ہے۔
وہ سٹی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور کے 12ویں کانووکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔
گورنر نے یونیورسٹی سے ماسٹر، بیچلر کی تعلیم مکمل کرنیوالے 628 طلبا و طلبات میں ڈگریاں،14 طلباو طالبات کو گولڈ میڈلز دیئے۔تقریب میں وائس چانسلر سٹی یونیورسٹی نے گورنر خیبرپختونخوا کو یونیورسٹی کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔تقریب میں صدرسٹی یونیورسٹی محمدصبورسیٹھی، وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر سیدمنہاج الحسن، اراکین بورڈآف گورنرسمیت اساتذہ، طلباء وطالبات اور والدین بھی موجودتھے۔
گورنرخیبرپختونخوا نے کہاکہ سٹی یونیورسٹی سمیت تمام پرائیوٹ سیکٹر یونیورسٹیوں کی تعلیمی خدمات کو سراہتا ہوں اور یونیورسٹی کو صوبہ کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے تعلیمی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،یونیورسٹیاں موجودہ دور میں نوجوانوں کو بہترین جدید تعلیمی ماحول فراہم کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں اب آپ نے عملی زندگی میں اندھیرے میں گھرے افراد کیلئے روشنی کا ذریعہ بننا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میری اپنی کامیابی کا راز خدمت ہے اور خدمت سے ہی مجھے سکون ملتا ہے،مدد کے طلبگار افراد کی خدمت کیلئے نوجوانوں کو سب سے آگے ہونا چاہئے، کمزور کی مدد سے نہ صرف خدا راضی ہوتا ہے بلکہ دلی تسکین بھی حاصل ہوتی ہے۔
حاجی غلام علی نے کہاکہ اخلاقیات و اقدار کو کسی صورت اپنی زندگیوں سے نکلنے نہیں دینا، نوجوانوں والدین نے آپ کی پڑھائی پراپنی کمائی اورزندگی وقف کی ہے،اب آپ نے اپنے والدین پربوجھ نہیں بنناہے۔ اب آپ نے معاشرے کی طاقت بننا ہے اور دوسروں کابھی بوجھ اٹھانا ہے۔
دریں اثناگورنرحا جی غلام علی سے ضلع سوات، ضلع بونیر اور ضم ضلع جنوبی وزیرستان کے نمائندہ عوامی وفود نے الگ الگ ملاقات کی ۔گورنر ہاؤس کا دورہ کرنیوالے وفود نے گورنر کو اپنے اپنے علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل و تکالیف بالخصوص تعلیم، صحت،امن وامان اور روزگار اور حالیہ سیلاب کے متاثرین کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے مذکورہ اضلاع سے بڑی تعداد پر مشتمل نمائندہ عوامی وفود کا گورنر ہاؤس آمد پر شکریہ ادا کیا۔
حاجی غلام علی نے کہا کہ چونکہ وہ خود ایک عوامی بندہ ہیں اس لئے وہ عوام کی تکالیف و مشکلات سے بخوبی واقف ہیں۔جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے ان کا ترجیحاتی بنیادوں پر متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر حل نکالنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپنے آئینی فرائض سے ایک لمحہ بھی غافل نہیں رہ سکتا۔
بعد ازاں گورنر خیبرپختونخوا سے سابقہ رکن قومی اسمبلی سردار محمد یوسف اور کرک سے رکن صوبائی اسمبلی ملک ظفر اعظم نے بھی وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں سوات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں پر مشتمل وفد نے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں آئینی منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، وفد نے گورنرکی بزنس و انڈسٹری سے وابستہ بصیرت کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بطور گورنر صنعت و تجارت کے فروغ اورخاص طور کرملاکنڈ ڈویژن کیلئے موثر کردار ادا کریں گے۔ سوات چیمبر نے گورنر کو سوات کے دورے کی دعوت بھی دی۔
اخلاقیات و اقدار کو کسی صورت اپنی زندگیوں سے نکلنے نہیں دینا،گورنرخیبرپختونخواکی نوجوانوں کوتاکید








