کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کی رویت ہلال ریسرچ کونسل نے ماہ رمضان کے پہلے روزے اور عید الفطر (یکم شوال) کی ممکنہ تاریخوں کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رویت ہلال کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے سائنسی شواہد کی بنیاد پر اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں پہلا روزہ 3 اپریل جبکہ عیدالفطر 3 مئی کو ہوگی۔ریسرچ کونسل کے مطابق غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان فرق مظفر آباد، گلگت اور پشاور میں 70 منٹ، راولپنڈی، اسلام آباد 69، لاہور 68، کوئٹہ 69، کراچی میں 67 منٹ ہوگا۔رمضان المبارک کا آغاز اتوار 3 اپریل سے ہوگا جبکہ شوال کا چاند ہفتہ 30 اپریل اور اتوار یکم مئی کی درمیانی رات 1 بج کر 28 منٹ پر پیدا ہوگا۔ریسرچ کونسل کے مطابق یکم مئی 29 رمضان المبارک کی شام غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی، نیز غروب آفتاب اور غروب قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے کم ہوگا لہٰذا پاکستان میں ہلال کی رویت اس شام ٹیلی اسکوپ سے بھی ممکن نہیں ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں یکم شوال المکرم یعنی عیدالفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد منگل 3 مئی کو ہوگی۔
پاکستان میں روزہ اور عید کب ہوگی؟








