اسلام آباد(ممتازنیوز) محکمہ گیس اسلام آباد میں “کھلی کچہری” کا انعقادکیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیکٹر آئی نائن اسلام آباد میں واقع سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے ریجنل آفس میں صارفین کی شکایات کے ازالہ کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں جنرل منیجر خرم ایوب خان چیف انجینئر ماسم ابرار سمیت متعلقہ شعبہ جات افسران بھی موجود تھے اس موقع پر اسلام آباد ریجن کے بیشتر علاقوں سے آئے گیس صارفین بلنگ اور نئے گیس کنکشن کی فراہمی سے متعلق اپنی شکایت پیش کیں جنرل منیجر خرم ایوب خان نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو شکایت کے ازالہ کے احکامات صادر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس ضمن میں تمام میسر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شکایات کے جلد ازالے کوممکن بنایا جائے جنرل منیجر خرم ایوب خان کا کہنا تھا کہ معزز صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے کال سینٹر 1199 اور علاقائی کمپلینٹ سینٹرز 24 گھنٹے صارفین کی شکایت کے ازالے میں مصروف عمل رہتے ہیں جبکہ کسٹمر سروسز سینٹرز میں بھی روزانہ صارفین کی کثیر تعداد رجوع کرتی ہے جہاں موجود افسران اور متعلقہ سٹاف ان کی بھرپور معاونت میں ھمہ تن مصروف عمل رہتا ہے تا ہم ان تمام تر سہولیات کے باوجود صارفین کو محکمہ کی انتظامیہ سے بالمشافہ ملاقات اور شکایات کے بروقت ازالہ کیلئے متعلقہ افسران سے براہ راست رابطہ کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے تاکہ معزز صارفین کی شکایات کے بروقت ازالہ کے ساتھ ساتھ ادارہ کی انتظامیہ اور صارفین کے مابین باہمی ربط اور خوشگوار تعلق کو فروغ دیتے ہوئے روایتی فاصلوں کو مٹایا جا سکے ادھر صارفین نے محکمہ کی طرف سے منعقد کلی کچہری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عوامی شکایات کے ازالے میں اہم پیش رفت اور قابل تقلید مثال قرار دیا۔
صارفین کی تمام شکایات کا ہر ممکن ازالہ کیا جائےگا،جنرل منیجرخرم ایوب خان کا محکمہ گیس اسلام آباد میں کھلی کچہری کے دوران صارفین سے خطاب








