بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ترقیاتی اداروں کے سربراہان کی تقرریاں غیر قانونی قرار، عہدوں سے ہٹانے کا حکم  

مظفرآباد(ممتازنیوز)سپریم کورٹ آزادکشمیر نے جملہ ترقیاتی اداروں کے سربراہان کی تقرریاں غیر آئینی وغیر قانونی قراردیتے ہوئے انہیں عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا ۔عدالتی فیصلے کے تحت ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد،میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی،پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ سمیت تمام اتھارٹیوں کے چیئرمین وڈی جی فارغ ہوگئے ہیں،جب تک حکومت رولز تیار کر کے نئے چیئرمین نہیں لگاتی اس وقت تک ترقیاتی اداروں کے چیئرمینوں کا چارج چیف انجینئرز اور تعمیرات عامہ پبلک ہیلتھ کے سینیئر افسران کو دیا جائے جبکہ دیگر اضلاع کی اتھارٹیوں کی سربراہی ایکسیئن کو دی جائے،سپریم کورٹ کے فل کورٹ کا فیصلہ۔بینچ کی سربراہی چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کررہے تھے جبکہ بنچ میں سینئر جج سپریم کورٹ خواجہ محمد نسیم،جسٹس رضا علی خان اور جسٹس محمد یونس طاہر شامل تھے۔اپیل عنوانی عامر جمیل بنام سمیت چار مختلف اپیلوں کی سماعت مکمل کرنے کے بعد عدالت العظمیٰ نے چیئرمین ترقیاتی ادارہ میرپور ودیگر چیئرمینوں کی تقرریوں کے حوالے سے فیصلہ جاری کردیا گیا۔اپیل کنندگان کا استدلال تھا کہ ہائی کورٹ نے رولز بنانے کی ہدایت کر رکھی تھی اور اس کے بعد مطابق رولز بنانے کے لیے معاملہ فورم کو بھجوایا مگر حکومت نے ابھی تک اس پر کوئی رولزنہیں بنائے،عدالت العظمیٰ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ تاحال حکومت نے ترقیاتی اداروں کے سربراہان کی اہلیت کے لیے کوئی طریقہ کار وضع نہیں کیا،جس کے لیے ضروری ہے کہ کوالیفکیشن ، تجربہ اور بغیر سیاسی وابستگی کے تعیناتیاں کی جائیں،ان اسامیوں پر گریڈ 20کے آفیسران کی تقرریاں ہونی چاہئیں۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد،میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ سمیت دیگر اتھارٹیز میں کم از کم گریڈ 19کا افسر چیئرمین ہونا چاہیے۔وکلاءنے دلائل دیئے کہ ان بڑی اتھارٹیز کے چیئرمین کے لیے کوئی بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا اور نہ ہی اہلیت کا کوئی تعین کیا گیا ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ جب تک حکومت رولز نہیں بناتی اس وقت تک تمام سربراہوں کی تقرریاں غیر قانونی قرار دی جاتی ہیں اور وہ فوری طورپر برطرف کیے جاتے ہیں۔سیکرٹری قانون کو ہدایت کی کہ وہ تین ماہ کی مدت کے اندر ترقیاتی اتھارٹیز کے سربراہوں کی تمام پوسٹوں کے لیے رولز تیار کریں اور حکومت کے سامنے پیش کریں۔