ملتان(مقبول حسین) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کی ٹیم پر نا اہلی کے الزامات لگانے والے خود نا اہل ثابت ہوئے، امپورٹڈ حکمرانوں کی7ماہ کی کارکردگی نے ان کی اہلیت کی قلعی کھول دی،سات ماہ کی کارکردگی کی بدولت امپورٹڈ حکمرانوں کی مقبولیت میں کمی جبکہ عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، معیشت تباہ ہوچکی ہے،بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے،سب سے بڑی صنعت ٹیکسٹائل نقصان میں ہے،کسان بد حال ہیں، تاجر تباہ حال ہیں۔
وہ این اے 156 میں تغلق ٹاؤن فلائی اوور کے سنگ بنیاد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بلاول زرداری نے سات ماہ میں 1 ارب 75 کروڑ روپے بیرونی دوروں پر خرچ کیے ہیں۔کیا ایک معاشی طور پر کمزور ملک ان شاہ خرچیوں کا متحمل ہو سکتا ہے؟قوم ان اخراجات کا حساب مانگتی ہے۔انہوں نے کہا حکومت نے اپنی ناکامی چھپانے کیلئے گھڑی گھڑی کی رٹ لگائی ہوئی ہے جبکہ عوام کے بنیادی مسائل پر کوئی بات نہیں کررہا۔ ان پر کوئی اعتمادہی نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے اسمبلی رکنیت سے استعفے پیش کئے۔ آپ نے تحریک انصاف کے استعفوں پر بدنیتی کا مظاہرہ کیا۔ہم نے ہم نے اسپیکر کو استعفے قبول کرنے کے لئے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ہم استعفوں کے لیے پیش ہونے کو تیار ہیں۔ہمارے اراکین کے استعفے سلیکٹڈ بنیادوں پر نہیں بلکہ تمام اراکین کے استعفے منظور کئے جائیں۔
انہو ں نے کہاکہ پاکستان کی عوام نے ضمنی انتخابات میں حکومتی امیدواروں کو شکست دیکر گھر جانے کا پیغام دیا۔ تحریک انصاف کے ساتھ بے وفائی کرنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ عمران خان کی مقبولیت 65 فیصد ہے۔ عوام نے ان پر عدم اعتماد کیا لیکن یہ لوگ اقتدار کے ساتھ زبردستی چمٹے ہوئے ہیں۔ حکومت کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکاہے۔ انہیں گھر جانا ہوگا۔ عمران خان نے پنجاب اور کے پی کے کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہواہے۔ اس حوالے سے کل عمران خان اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ عمران کیا اعلان کریں گے کل آپ کو پتہ چل جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت مذاکرات پر سنجیدہ نہیں ،یہ لوگ صرف کرپشن کیسز سے چھٹکارا چاہتے ہیں ،انہیں عوام کے مسائل اور پریشانیوں کا کوئی احساس نہیں،عمران خان موثر مینڈیٹ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہم نے بحرانوں سے نکلنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔لنگڑی لولی حکومت سے مسائل حل نہیں ہوتے۔غیر یقینی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا میں آج تغلق ٹاؤن فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے آیا ہوں۔ یہاں کی عوام اور بلخصوص تاجر مبارک باد کے مستحق ہیں جن کا دیرینہ مطالبہ آج پورا نے جا رہاہے۔ اس کی فلائی اوور کی بدولت یہاں کی عوام کو ٹریفک کے مسائل سے نہ صرف نجات ملے گی بلکہ اس علاقے کے کاروبار اور ٹرانسپورٹیشن میں اضافہ ہو جائے گا۔









