اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے کہاہے کہ کشمیر کا تنازع اقتدار کی جنگ کا نہیں بلکہ کشمیریوں کی غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کا مسئلہ ہے، بھارتی تحقیقاتی اداروں کی طر ف سے جماعت اسلامی اور آزاد پسند رہنماؤں ، کارکنوں کے گھروں اور دیگر املاک کو ضبط کرنے کے عمل کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں امتیاز وانی نے کہا کہ بھارت ایک طرف کشمیری نوجوانوں کو بے دریغ قتل ،گرفتار اور لاپتہ کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف مزاحمتی رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں کو ضبط کر کے انکے حوصلے پست کرنے کی کوشش کر رہا ہے،بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی ، غیر قانونی حراست ، خواتین کی بے حرمتی اور گھروں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کی مذمت کی گئی ،کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق ،حق خود ارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیر کے آزادی پسند عوام کی آواز کی نمائندگی کرتی ہے اس وہ بھارتی جبرو استبداد کے باوجود جاری تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ مقبوضہ علاقے کے مسلم اکثریتی کردار کو تبدیل کرنے کے اپنے مذموم عزائم کو پورا کرنے کے لیے بھارتی فسطائی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 سے مسلط کیے گئے بدترین فوجی محاصرے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ شہدائے کشمیر کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا اوربھارتی جیلوں ، عقوبت خانوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور نوجوانوں کے عزم و ہمت کو سراہا گیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، غلام احمد ، نعیم احمد خان، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، ایاز محمد اکبر، فاروق احمد ڈار اور شاہد الاسلام سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنماوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا کل جماعتی حریت کانفرنس وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اس بیان پر خیر مقدم کرتے ہیں کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں ہونے والے ایک اجلاس میں کہا تھا کہ گجرات کا قصائی زندہ ہے اور بھارت کا وزیراعظم بن گیا ہے۔
امتیاز وانی نے چوہدری غلام عباس کی برسی پر کہا کہ چوہدری غلام عباس کو کشمیر کی تحریک آزادی کا چمکتا ہوا ستارہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق چوہدری غلام عباس کا مشن تھا جس کے لیے انہوں نے آخری سانس تک جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس نے جوانی کے ابتدائی ایام سے ہی برصغیر کے مسلمانوں خصوصاً کشمیریوں کی انگریزوں اور ڈوگروں کے ظلم و جبر سے آزادی کے لیے انتھک محنت کی اور تحریک آزادی کشمیر میں اہم کردار ادا کیا اور اس مشن کے لیے پرعزم رہے۔
کشمیر کا تنازع اقتدار کی جنگ کا نہیں، کشمیریوں کی غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کا مسئلہ ہے، امتیاز وانی








