بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کیلئے ووٹنگ، گورنر کو ’مہم جوئی‘ سے باز رہنا چاہیے، فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے گورنر کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر ’مہم جوئی‘ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹنگ نہیں ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آج اعتماد کے لیے ووٹنگ نہیں ہوگی اور اس حوالے سے اسپیکر نے اپنی رولنگ دے دی ہے۔
گورنر کو کسی بھی غیرآئینی اقدام سے باز رہنا چاہیے، اسپیکر کی رولنگ آچکی ہے، آج عدم اعتماد پرووٹنگ نہیں ہوسکتی اور آئینی پزیشن بھی یہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کسی مہم جوئی سے باز رہیں اور باقی کام آئین کے مطابق ہوگا، عدم اعتماد ناکام ہوگی، جمعے کو عمل شروع ہوگا اور اگلے ہفتے عمل مکمل ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد دونوں اسمبلیاں بیک وقت تحلیل کردی جائیں گی۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج بھی نہیں لگے گا، آئینی طریقہ کار ہوگا، پنجاب میں ایسی کوئی صورت حال نہیں کہ گورنر راج لگے، پرویز الہٰی وزیراعلیٰ ہیں اور وہ رہیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک اور بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز الہٰی کو 187 ارکان کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے 10 رکان نے چوہدری پرویز الہیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، تحریک انصاف کے 177 ارکان کل پرویز الہیٰ کی وزارت اعلیٰ کی حمایت میں اکٹھے ہوں گے ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں سیاسی بحران اس حقیقت کا اظہار ہے کہ نئے انتخابات واحد حل ہیں۔