ہری پور:آئی جی جیل خانہ جات کی زیرصدارت سنٹرل جیل ہری پورمیں سپرنٹنڈنٹ کانفرنس کاانعقادہوا،جس میں انسپکٹرجنرل جیل خانہ جات خیبرپختونخوا سعادت حسن کے علاوہ ایڈیشنل انسپکٹرجنرل حامدالرحمان ،ریجنل پولیس آفیسرز،سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ہری پورعمیرخان ،سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل پشاور مقصودالرحمان ،سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل کرک وسیم خان ،سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل تیمرگرہ امین شعیب ،سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل چترال عثمان جاوید ،سپرنٹنڈنٹ سب جیل نوشہرہ بیت اللہ خان سمیت صوبے بھرکی تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی ،کانفرنس میں تمام جیلوں نے دئیے گئے کلیدی پرفارمنس انڈیکیٹرزکے ساتھ ساتھ اکتوبر 2022 میں قبل ازیں منعقدہ سپرنٹنڈنٹ کانفرنس کی ہدایات کی تعمیل پر اپنی کارکردگی پیش کی اورکے پی آئی ایس پر مبنی جیلوں کی کارکردگی کی تشخیص کے نظام (پی پی ای ایس )کا تعارف کروایاگیا،آئی جی جیل خانہ جات نے کانفرنس کے شرکاء کوہدایت کی کہ تمام سپرنٹنڈنٹس جیلوں کے سخت حفاظتی اقدامات اور جیل کی حفاظت اور متعلقہ امور کے لیے ضلعی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کریمنل جسٹس کوآرڈینیشن کمیٹی کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں ،جیلوں کے اندرصفائی ستھرائی اور باورچی خانوں کی تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دیں ،جیل سٹاف ٹریننگ اکیڈمی ہری پور میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کے پروموشن کورس کے لیے کیس کا آغاز کیاجائے ،قیدیوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کو یقینی بنانے کے ساتھ جیلوں میں لائبرریوں کاقیام عمل میں لایا جائے ،اُنھوں نے قیدیوں کے ساتھ واچ اور وارڈ کے عملے کی فلاح و بہبود وحقوق کو یقینی بنانے اور پیشہ ورانہ مہارت پر بھی زور دیا،آئی جی جیل خانہ جات نے تمام سپرنٹنڈنٹس کوفروری میں شجرکاری مہم شروع کرنے کی ہدایت کی اورصوبے میں باقی مانندہ دس جیلوں میں بھی قرشی کلینکس کے قیام کاوعدہ کیا،اُنھوں نے کہاکہ تمام افسرا ن اے ڈی پی سکیموں کی خودنگرانی اورمعائنہ کریں ،انسپکٹر جنرل آف جیل خانہ جات خیبر پختونخوا نے جیلوں میں جاری سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری لانے کی ہدایت کی تاکہ حوالات سے تصحیح کی طرف مثالی تبدیلی کو یقینی بنایا جا سکے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے یقین دہانی کرائی کہ سپرنٹنڈنٹس کی طرف سے اجاگر کیے گئے مسائل حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے ،کانفرنس کے اختتام پرآئی جی جیل خانہ جات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سپرنٹنڈنٹس میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں ،بعدازاں آئی جی جیل خانہ جات نے ریجنل آفیسر جیل خانہ جات کے دفتر کابھی افتتاح کیا ۔
آئی جی جیل خانہ جات کی زیرصدارت سنٹرل جیل ہری پورمیں سپرنٹنڈنٹ کانفرنس کاانعقاد








