لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، نسیم شاہ فٹ ہوکر اسکواڈ میں شامل ہوگئے جبکہ فاسٹ بولر حسن علی کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
کیویز کیخلاف قومی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، امام الحق، کامران غلام، محمد نواز، محمد رضوان بھی شامل ہیں جبکہ وسیم جونیئر، نعمان علی، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر حسن علی کو محمد علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ کامران غلام کو اظہر علی کی جگہ شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے انگلینڈ کیخلاف آخری ٹیسٹ سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، کراچی ٹیسٹ ان کا آخری میچ تھا۔
سلیکشن کمیٹی نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو پاکستان کپ کھیلنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 26 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جاٸے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک ملتان میں ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے مابین 3 ایک روز میچز کی سیریز بھی ہوگی، پہلا ون ڈے 10 جنوری، دوسرا 12 اور تیسرا 14 جنوری کو کھیلا جائے گا، تینوں مقابلے کراچی میں منعقد ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان ، حسن علی کی واپسی








