اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان استعفیٰ دے اوراپنی تھوڑی سی عزت بچا لے لیکن وہ تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی بھیک مانگ رہا ہے۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم جب بھی اسمبلی پہنچتے ہیں عمران خان شکست کھاتے ہیں، آج اپوزیشن نے 172 ارکان کھڑے کر کے یہ ثابت کر دیا کہ عمران کے پاس بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، وہ ہر کسی کو کہہ رہا ہے میری کرسی بچاؤ مگر کوئی کیا کر سکتا ہے؟ اب کوئی راستہ نہیں رہا ہے، عزت دار طریقہ یہی ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیدیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان بھاگنے کا سلسلہ بند کر کے پارلیمان میں ہمارا سامنا کرے، ہم آئینی طریقہ کار کے مطابق اپنی گنتی کروائیں گے۔انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگرعمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ این آر او مل سکتا ہے تو اب بہت دیر ہو چکی ہے، عمران نے فیصلہ کیا ہے کہ خارجہ پالیسی کو جتنا نقصان پہنچا سکے پہنچا دے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ جس طریقے سے ان کو اقتدار ملا وہ تو بہت ہی متنازعہ ہے لیکن جس طریقے سے اس سے اقتدار چھینا گیا وہ بالکل جمہوری ہے، عمران خان کو ہٹانے کیلئے ہم نے کسی عدالت کا دروازہ نہیں کھٹکھٹایا۔
عمران خان استعفیٰ دے، تھوڑی سی عزت بچالے،بلاول بھٹو








